رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سربراہ مجلس وحدت مسلمین حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے کردار ادا کرے ۔حکومت ایران امریکہ کشیدگی پر اپنا موقف واضع کرے ۔امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تک ماضی کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے ۔ملکی سلامتی و وقار کاتقاضہ ہے کہ اسلام آباد کے فیصلے اسلام آباد میں ہوں ۔آزاد خارجہ پالیسی ہی باوقار اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے ۔ پاکستان کو کسی صورت بھی دوسروں کی جنگ کا حصہ دارنا بنایا جائے۔ حکومت کو امن اور مفاہمت پر مبنی پالیسی اختیار کرنا ہوگی ۔خطے میں جاری ایران امریکہ کشیدگی کے حوالے سے تحمل اور بصیرت کے ساتھ فیصلے کرنا ہوں گے ۔پڑوسی مسلم برادر ملک کو تنہا چھوڑنا ہرگز دانشمندی نہیں ہوگی ۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکی اور اس کے عرب اتحادیوں نے عالم اسلام خصوصاً عراق، شام، لیبیا اور یمن کو تباہ کر دیا اور اب پاکستان پر ان کی نظریں جمی ہیں لھذا حکومت دانشمندی کا مظاہرہ کرے اور مشرق وسطیٰ کے پراکسی وار کے عفریت سے دور رہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی خام خیالی ہے کہ وہ ایران پر حملہ کریگا اگر ایسی کوئی حماقت کی تو اس کی ناجائز اولاد اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی اور امریکیوں کو ایک عبرت ناک شکست کا مزہ چکھنا پڑے گا۔ ضروری ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی و بقا کے لئے امریکہ اور اسکے اتحادیوں سے دور رہے۔