رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یکم شعبان المعظم ولادت سیدہ طاہرہ عالمہ غیر معلمہ حضرت زینب کبری ع کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے پوری امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت سیدہ زینب کبری ع تاریخ انسانی کی بے مثال شخصیت ہیں جنہوں نے خدا کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دیا آپ کا نام سیدالانبیاء ص نے زینب یہ کہہ کر رکھا کہ آپ اپنے باپ کی زینت ہیں۔ سیدہ زینب کبری ع نے تاریخ انسانیت میں عظیم کارنامہ انجام دیا جو تا قیامت اھل حق و صداقت کے لئے رہنما اصول بن گیا۔
انہوں نےکہا کہ امام زمانہ ع کی معرفت اطاعت اور ان کی راہ میں ایثار کرنے میں سیدہ زینب کبری ع کا کوئی ثانی نہیں۔ آپ کو عظمت کردار کے باعث ثانی زھراء کا خطاب ملا۔ مگر زینب کبری ع کے بے مثال کردار کے باعث تاریخ انسانی میں کوئی ثانی زینب نہ بن سکا۔ خدا کے دین کی سربلندی اور اعلی انسانی اقدار کی حفاظت کے لئے سیدہ زینب کبری ع نے جو بے نظیر قربانی دی اس کے باعث عالم انسانیت تا قیامت سیدہ زینب کبری ع کا مقروض رہے گا۔