رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشیر خارجہ سینیٹر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ مسلم امہ مشکل کی اس گھڑی میں روہنگیا کے مسلمانوں کی مدد کے لئے فعال کردار ادا کرے، روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان نے ہمیشہ محکوم مسلمانوں کی حمایت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز بلند کی ہے۔
کوالالمپور میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ محکوم مسلمانوں کی حمایت کی ہے اور کشمیر، فلسطین اور دنیا کے کسی بھی حصے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ میانمر کی منتخب جمہوری حکومت اس مسئلہ کو ہمدردانہ طور پر حل کریگی. او آئی سی کے رکن ممالک مزید بغیر کسی جانی و مالی نقصان کے اس مسئلے کو حل کرنے میں میانمر کی حکومت کیساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے جان و مال اور انسانی حقوق کے تحفظ کی غرض سے اقدامات اٹھانے میانمر کی حکومت پر زور دینے کے علاوہ پاکستان نے یہ معاملہ مارچ اور جولائی 2015ء میں یو این ہیومن رائٹس کونسل میں بھی اٹھایا تھا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰