رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا دفاع عالم اسلام کا دفاع ہے، مقدس مقامات کے تحفظ کے لئے پاکستان اور اہل پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جامع مسجد منصورہ میں خطاب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ مقدس مقامات کے تحفظ کے لئے پاکستان اور اہل پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ امام کعبہ کا دورہ اسلام اور عالم اسلام کے لئے تقویت کا باعث ہوگا۔ ادھر امام کعبہ شیخ صالح بن محمد نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام اعتدال کا دین ہے۔ انتہا پسندی کا خمیازہ آج عالم اسلام بھگت رہا ہے۔
جامع مسجد منصورہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ شیخ صالح بن محمد کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے دشمن ہمارے مقدس مقامات کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔ اگر خدانخواستہ اللہ کے گھر کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو اس کا مطلب امت مسلمہ کے اتحاد کو خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان پاکستان کی طرف امید کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سب مل کر دعا کریں کہ اللہ پاکستان اور عالم اسلام کی حفاظت فرمائے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ پاکستان کو ہر طرح کی آزمائش اور ہر طرح کے شر سے محفوظ فرمائے۔ امام کعبہ نے کہا کہ امت کو اکٹھا کرنے کی جو بھی کوشش ہوگی، وہ اللہ کے یہاں بھی قبول ہوگی اور امت مسلمہ کے لئے بھی خوشی کا باعث ہوگی۔
امام کعبہ شیخ صالح بن محمد نے مزید کہا کہ نماز امت مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہے۔ مسلمان دنیا بھر میں کہیں بھی ہوں اپنے اللہ کی بندگی کے لئے اس کے گھر کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اللہ کے احکام کی پیروی کریں گے، جس میں اللہ نے فرمایا کہ میری رسی کو مضبوطی سے تھام لو، تو یہ ہماری قوت بنے گی۔ خانہ کعبہ کو لاحق کوئی خطرہ امت مسلمہ کو خطرے کے مترادف ہے۔ امام کعبہ شیخ صالح بن محمدنے نماز فجر کی امامت بھی کرائی۔/۹۸۸/ ن۹۴۰