رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں جہاں روزگار کیلئے جانیوالے پاکستانیوں کے انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے وہیں سعودی حکومت نے پاکستانیوں کو عمرہ ویزے دینے میں بھی لیت و لعل سے کام لینا شروع کر دیا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سعودی سفارت خانے میں عمرہ زائرین کیلئے ویزوں کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکا جبکہ ماہ رمضان اختتام کی جانب گامزن ہے اور عمرہ زائرین کے ویزے مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔
ویزوں کے اجراء میں التواء کے باعث پاکستانی عمرہ زائرین شدید پریشانی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔
سعودی سفارت خانے کے حکام کا کہنا ہے کہ عمرہ اسٹکرز نہ ہونے کی وجہ سے ویزوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی سفارتخانہ اسلام آباد میں 30 ہزار سے زائد عمرہ درخواستیں التواء شکار ہیں جبکہ سعودی قونصل خانہ کراچی میں ایک لاکھ ویزہ درخواستیں جمع ہیں۔
کراچی قونصلیٹ کو 3 روز انتظار کے بعد صرف ایک ہزار اسٹیکرز موصول ہو سکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سفارتخانے میں اسٹیکرز کی عدم دستیابی کے باعث کوئی عمرہ ویزہ جاری نہیں ہو سکا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/