رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری نے یوم انہدام جنت البقیع کے موقعہ پر میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام ،امہات المومنین اور صحابہ کرامؓ کی قبروں کی مسماری آل سعود کا وہ قبیح فعل ہے جس پر امت مسلمہ انہیں کبھی معاف نہیں کر ے گی۔
انہوں نے کہا کہ جنت البقیع جنت معلیٰ کو بلڈوز کر کے سعودی عرب نے مشاہیر اسلام سے اپنی لاتعلقی کا اظہار1925 میں ہی کر دیا تھا۔ آج اسلام کے نام پر دنیا کا امن تباہ کرنے والی عالمی دہشت گرد تنظیم داعش اسی ایجنڈے کی پیروکار ہے۔ شام اور عراق میں صحابہ کرام کی قبروں کو کھود کر اجساد مقدسہ کی توہین کرنے والوں کا یہ عمل آل سعود اور داعش کے تعلق کو واضح کرنے کے لیے کافی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یوم انہدام جنت البقیع پر عالم اسلام کو آل سعود کی جارحیت کے خلاف مشترکہ طور پر آواز بلند کرنی چاہیے۔ یہود و نصاریٰ اپنے آلہ کاروں کے ذریعے مسلمانوں کے مقدسات کو نشانہ بنا کران ایمان کو جانچتے ہیں۔ اسلام دشمن طاقتوں کی طرف سے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے خاکوں کی اشاعت اور قرآن کریم جلائے جانے کے واقعات کا حوصلہ عالم اسلام کی کمزوری کے باعث ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی باطل قوتیں اسلام کے خلاف تیزی سے سر اٹھا رہی ہیں۔جومسلم ممالک یہود ونصاری سے دوستی کا دم بھرتے ہیں اور مسلم ممالک کے خلاف نفرت کے اظہار میں پیش پیش ہیں وہ امت مسلمہ کو کمزور کرنے کی سازشوں کے مکمل شریک کار ہیں۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع میں مسمار کی گئی تمام قبروں کی ان کی اصلی حالت میں لایا جائے۔ دنیا بھرکے مسلم ممالک کی طرف سے جنت البقیع کی تعمیر کے لیے باقاعدہ تحریک شروع کی جائے اور اہل بیت اطہار علیہم السلام ،ازواج رسول کریم ﷺ اور صحابہ کرام کی قبروں کی فوری تعمیر کے لیے سعودی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے ۔/۹۸۸/ن۹۴۰/