‫‫کیٹیگری‬ :
02 November 2017 - 20:04
News ID: 431638
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری :
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : اگر ناصر شیرازی کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہو گی۔
سید ناصرعباس شیرازی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کے اغوا کار سرکاری اور ایلیٹ فورس کی گاڑیوں میں سوار تھے۔

انہوں نے وضاحت کی : ایک مذہبی و سیاسی جماعت کے ایسے مرکزی رہنما کو پنجاب حکومت کی ایما پر اغوا کیا گیا ہے جس پر کسی قسم کا کوئی مقدمہ یا الزام نہیں۔ انہیں رانا ثنا اللہ کے خلاف پیٹیشن دائر کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ناصر شیرازی کا اغوا جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ حکومت پنجاب کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف جمعہ کے روز پورے ملک میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلوس نکالے جائیں گے۔ لاہور میں احتجاجی جلوس پریس کلب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک نکالا جائے گا۔

حجت الاسلام ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پنجاب کی انتظامیہ اور ادارے ریاست کی بجائے شخصی غلامی کا حق ادا کر کے قانون و آئین سے انحراف کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے دہشت کی علامت بنتے جا رہے ہیں۔ اس اغوا کے ذمہ دار شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور آئی جی پنجاب ہیں۔ اختیارات اور طاقت کا ناجائز استعمال غیرآئینی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ اگر ناصر شیرازی کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہو گی۔ ناصر شیرازی کی عدم بازیابی کی صورت میں پنجاب ہاؤس کے گھیراؤ سمیت متعدد دیگر آپشنز زیر غور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم کے دو نوجوانوں کے لاپتہ ہونے پر نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ سمیت دیگر رہنماؤں نے واویلا کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ ہمارے مرکزی رہنماء کے اغوا پر دانستہ نظرانداز کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مغوی کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ دائر کرنے سے پولیس نے انکار کر دیا ہے۔ اغوا کاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے ہم نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ ظالموں کے مقابلے میں ہم کبھی سرنگوں نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت اور تعصب اس ملک کی سالمیت کے دشمن ہیں۔ ہم ان دشمنوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے دشمن ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ناصر شیرازی کے اغوا کا مقصد حکومت مخالف مذہبی و سیاسی جماعتوں کا دھمکانا ہے۔ پوری انتظامی مشینری نااہل وزیر اعظم کو پروٹو کول دینے میں مصروف ہے۔ ملکی آئین و قانون کو پامال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔ اس سنگین مسئلہ میں حکومت کی غیر سنجیدگی ملت تشیع کے اضطراب میں اضافے کا باعث ہو گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬