رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری اور شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل محترمہ زہرا نقوی نے ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کے زیراہتمام المحسن ہال میں منعقدہ جشن عبادات وسیرت خاتون جنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراسلام اللہ علیہا کااسوہ تمام عالمین بلخصوص خواتین کے لئے مشعل راہ ہے، معرکہ حق وباطل میں جب ہر طرف خوف اور سکوت چھاجائے ان حالات میں کنیزان فاطمتہ الزہراؑ کو ڈرنا نہیں چاہئے ۔
حجت الاسلام راجہ ناصرعباس نے مزید کہا کہ اگر ہم پاکستان میں سیدہ کونین ؑ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق قیام کریں تو خواتین کو ان کا جائز مقام دلواسکتے ہیں، آج خواتین سے ان کی شناخت چھینے کی کوشش کی جارہی ہے، ان کو مغربی ثقافت میں ڈھالنے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے، ایسے وقت میں کنیزان سیدہ زہراؑ کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو ایک بہترین رول ماڈل میں ڈھالیں اور بی بی ؑ کے اسوہ حسنہ کو نمونہ عمل قرار دیں ۔
انہوں نے کہاکہ بی بی فاطمہ ؑ نے بتایا کہ جبر استبدادکے آگے کبھی سر نہیں جھکانا، رسول خداﷺ کی رحلت کے بعدجب باطل حق پر غالب آیا تو سوائے چند مخلصین کے سب نے خاموشی اختیار کی ایسے وقت میں بی بیؑ نے یہ رسم قائم کی کہ جب خوف اور ڈر معاشرے پر حاوی کردیاگیا تھا تو انہوں نے اس نظام جبرکے خلاف آواز اٹھائی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/