رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وطن عزیز میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے بہادر جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جب تک دہشتگردوں کے سیاسی سرپرستوں اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی نہیں کرتے اس جنگ کا خاتمہ ممکن نہیں، ہمارے حکمران مصلحت پسندی کا شکار ہیں، ہم اپنے ان عظیم شہداء کے پاکیزہ لہو کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، کرنل سہیل عابد جیسے شہیدوں پر قوم کو فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہید کرنل سہیل عابد کے گھر پر ان کے والد سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید کرنل سہیل عابد نے جرات اور بہادری کی مثال قائم کی اور فرنٹ لائن پر آکر خود دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، قوم کو ایسے سپوتوں پر فخر ہے۔
علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ پاکستان کی فوج کو کمزور کیا جائے جس کے لئے مسلسل سازشیں کی جاری ہیں، نون لیگ بھی اس وقت دشمن کے بیانیہ کو لے کر چل رہی ہے، اقتدار کی ہوس میں ملکی وقار اور سالمیت کو پس پشت ڈالنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں۔
اس موقع پر شہید کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماوں علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ سخاوت حسین قمی اور سید ناصر شیرازی بھی علامہ ناصر عباس کے ہمراہ تھے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/