رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لاہور پولیس نے محرم الحرام کے دوران شہریوں کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ تمام ڈویژنل ایس پیز علماء کرام اور منتظمین سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
یوم عاشور کے جلوس سمیت تمام جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ یکم محرم سے لاہور کے تمام تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشنز کیئے جائیں گے۔
محرم الحرام سے پہلے تمام رضاکاروں کی تصدیق کے بعد پولیس لائنزمیں فائر پریکٹس کروائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنی تقاریر کے دوران عوام میں محبت، بھائی چارہ اور اتحاد بین المسلمین کا پیغام پہنچائیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محرم الحرام کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ضلعی اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں۔
تمام ایس پیز ٹربل سپاٹس کا دورہ کرکے مسائل حل کروا رہے ہیں۔ شہر کی تمام حساس مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس پی سکیورٹی محمد نوید کو سکیورٹی معاملات پر فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/