رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر حجت الاسلام سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی جارحیت کا شکار ہزاروں یمنی خواتین، بچوں اور لاتعداد شہداء کے غمزدہ خاندانوں کی بددعائیں نہ لیں، اگر عمران خان مظلوم کا ساتھ نہیں دے سکتے اور مصالحت بھی نہیں کرا سکتے تو ننگی جارحیت کی مرتکب سعودی شہنشاہیت کے مظالم کا ساتھ بھی نہ دیں۔
لاہور میں علماء سے گفتگو میں حجت الاسلام نیاز نقوی نے کہا کہ حساس مسائل پر وزیراعظم عمران خان کے متضاد بیانات اس منصب کے شایان شان نہیں، دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز، پراکسی وار میں حصہ نہ لینے کے واضح اعلان کے بعد یمن کے مظلوم عوام سے اظہار ہمدردی کی بجائے ان پر مظالم ڈھانے والوں کا ساتھ دینے کا یوٹرن ہرگز ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، ظالم اور جارح کی حمایت اس کے ظلم میں شامل ہونے کے مترادف ہے۔
حجت الاسلام نیاز نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کا سعودی حمایت کا بیان تب صائب ہوتا، جب سعودی حکومت اپنے ہمسائے مسلم یمنی عوام کی بجائے اسرائیل یا بھارت سے برسرپیکار ہوتی یا برما کے مسلمانوں کا دفاع کر رہی ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود یمن کی جنگ میں غیر جانبدار رہنے کی قرارداد پارلیمنٹ سے منظور کروانے میں پیش پیش تھے، مگر اب جب وہ اقتدار میں آئے ہیں تو یمن کے مظلوموں کی حمایت کی بجائے جارح کی حمایت سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی جارحیت کا شکار ہزاروں یمنی بچوں، لاتعداد شہداء کے غمزدہ خاندانوں کی بددعائیں نہ لیں، اگر وہ مظلوم کا ساتھ نہیں دے سکتے اور مصالحت بھی نہیں کرا سکتے تو ننگی جارحیت کی مرتکب سعودی شہنشاہیت کے مظالم کا ساتھ بھی نہ دیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/