رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر متحدہ مجلس علماء کے سربراہ و کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر عمر فاروق نے پیغمبر اسلام (ص) کی ولادت باسعادت کے مبارک موقعہ پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں عالم اسلام کو بالعموم اور مسلمانان جموں و کشمیر کو بالخصوص دلی مبارکباد اور تہنیت پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت رحمۃ للعالمین (ص) کی ولادت و بعثت درحقیقت عقیدہ، فکر ذہن اور تہذیب و تمدن کا ایک خوشگوار انقلاب تھا، جس نے مثبت انداز میں انسانی کائنات کی نہ صرف کایا بلکہ تقدیر پلٹ کر رکھ دی اور دنیا کا ایک سدا بہار انقلاب سے نہ صرف جغرافیہ بدل دیا بلکہ تاریخ بدل کر ایک نئے اور منفرد تہذیب و تمدن کی بنیاد ڈالی۔
میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ رسول کائنات حضرت محمد مصطفی (ص) کی ولادت و بعثت ایک تاریخ، ایک تہذیب اور ایک نئے تمدن و ہمہ جہت انقلاب کا پیش خیمہ تھا جو آپ کی تشریف آوری کے ساتھ ہی دنیا نے بچشم خود دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار انسانیت کو وہ سربلندی اور عزت و افتخار کی لازوال دولت حاصل ہوئی جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
میرواعظ عمر فاروق نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ زبانی جمع خرچی کے بجائے صدق دلی سے آنحضور (ص) کی سیرت مقدسہ، حیات طیبہ اور اسوہ حسنہ کو عملی زندگیوں میں نافذ کریں تاکہ دور حاضر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جو مکروہ و مذموم سازشیں رچائی جا رہی ہیں ان کا توڑ ممکن ہو سکے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ پیغمبر آخر الزماں (ص) کی عظیم اور لافانی تعلیمات تاقیام قیامت ہر دور کے لوگوں کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰