رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے جمعے کی شام اپنے خطاب میں ملک کے حالات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ لبنانی عوام نے اپنی خود اعتمادی کو ثابت کردیا ہے جبکہ حکومت عوامی مطالبات کی روشنی میں کیے گئے فیصلوں پر ٹائم فریم کے مطابق عمل کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ حکومت کا اصلاحاتی پیکیج عوامی مظاہروں کے نتیجے میں سامنے آیا ہے اور یہ اصلاحات کے لئے آگے بڑھنے کی جانب حکومت کا پہلا قدم ہے ۔
سید حس نصراللہ نے کہا کہ غریبوں، بے روزگاروں اور مظاہرین کے مطالبات کو جمع کیاجائے اور ان مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جائیں۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے مزید کہا کہ حزب اللہ عوامی مظاہروں میں براہ راست شرکت نہیں کرسکتی کیونکہ اگر وہ براہ راست شرکت کرے گی تو مظاہروں کا رخ تبدیل ہوجائے گا اور بعض پارٹیاں، حزب اللہ پر مظاہروں کی سیاست کرنے اور دوسرے الزامات لگانا شروع کردیں گی۔
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے لبنانی عوام اور ملک کی حفاظت کے سلسلے میں استقامت کی ذمہ داری پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ حکومت کے استعفے اور قبل از وقت انتخابات کی حامی نہیں ہے کیونکہ لبنان میں حکومت کا خلاء ، کشیدگی اور بدنظمی و افراتفری سیکورٹی عدم استحکام میں تبدیل ہو سکتا ہے۔