رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے متعلق عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے ایم ڈبلیو ایم پاکستان نے میدان عمل میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی کردار کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے نام پر سیاسی و مسلکی تعصب کو ہوا دینے والوں کی عقل پر حیرت ہوتی ہے۔ یہ وقت تقسیم ہونے کی بجائے متحد ہو کر قوم کو ایک مشکل سے نکالنے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہر مشکل گھڑی میں بلاتفریق مذہب و مسلک ملک و قوم کی بے لوث جذبے کے ساتھ خدمت کی ہے۔ جب تک اس وبا کا ملک سے مکمل خاتمہ نہیں ہوتا، تب تک ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔
صوبائی سکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا حکومت زائرین کے لئے قرنطینہ سنٹر بنانے کے لئے کچھ اچھے اقدامات کر رہی ہے، مگر ابھی بھی بہت سی کمی موجود یے۔
مجلس وحدت مسلمین رضاکار یوتھ صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر زائرین کی خدمت کے لئے تیار ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت کے ساتھ بار بار رابطے کے باوجود کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔/۹۸۸/ن