21 May 2020 - 23:59
‫نیوز‬ ‫کوڈ‬: 442789
فونت
بیت المقدس مغربی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے شمال میں واقع ہے ۔یہ شہر’’یہود‘‘کے پہاڑوں پر واقع ہے جو پانی کو مشرق میں اردن کی کھاڑی اور مغرب میں دریائے مدیترانہ کے درمیان تقسیم کرنے والا ہے ۔ یہ شہر دو پتھریلی پہاڑیوں پر واقع ہے ۔

تحریر: حجت الاسلام فیروز علی بنارسی

۱۔بیت المقدس کی جغرافیائی موقعیت

بیت المقدس مغربی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے شمال میں واقع ہے ۔یہ شہر’’یہود‘‘کے پہاڑوں پر واقع ہے جو پانی کو مشرق میں اردن کی کھاڑی اور مغرب میں دریائے مدیترانہ کے درمیان تقسیم کرنے والا ہے ۔ یہ شہر دو پتھریلی پہاڑیوں پر واقع ہے جو دریا کی سطح سے ۷۵۰؍ میٹر کی بلندی پر ہے اور شمال میںبیت ایل اور جنوب میں حبرون یا الخلیل کے پہاڑوں کے درمیان فلات قدس اور الخلیل میں واقع ہے ۔شہر کے مغرب میں یہود ا پہاڑوں کی وادی اور مشرق میں بیابان یہود دکھائی دیتا ہے جو بحر ا لمیت تک چلا گیا ہے۔

بیت المقدس کی جغرافیائی وضعیت یہودا پہاڑوں کی ساخت سے مربوط ہے جو یکسان پتھر ہے اور اس میں کوئی کھائی نہیں ہے،لہٰذااس وضعیت نے بیت المقدس کو ایک قلعہ میں تبدیل کر دیا ہے جو اپنے وسیع اطراف پر ناظر ہے۔

بیت المقدس کی آب و ہوا مدیترانئی ہے۔ ہلکی سردیوں میں کافی بارش ہوتی ہے اور موسم معتدل رہتا ہے اور موسم گرما میں بہت گرم اور مکمل خشک ہوتاہے ۔سال کے اکثر دنوں میں اس شہر میںمکمل دھوپ رہتی ہے ،سالانہ بارش کی میزان تقریباً پانچ سو میلی میٹر ہے اس شہر کے مغربی حصوں میں بارش کی میزان مشرقی حصوں سے زیادہ ہے ۔ (۱)

۲۔بیت المقدس کی فضیلت قرآن کے آئینہ میں

قرآن کریم بیت المقدس میں واقع مسجد الاقصیٰ کی اہمیت و فضیلت کے بارے میں ارشاد فرماتاہے :
سُبْحَانَ الَّذِی أَسْرَی بِعَبْدِہِ لَیْلًا مِنْ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ إِلَی الْمَسْجِدِ الْأَقْصَی الَّذِی بَارَکْنَا حَوْلَہُ لِنُرِیَہُ مِنْ آیَاتِنَا إِنَّہ ہُوَ السَّمِیعُ الْبَصِیرُ (اسراء آیت ۱)
یہ آیۂ کریمہ رسول اسلام ﷺکے واقعۂ معراج کو بیان کر رہی ہے ۔اس آیت کی روشنی میں آنحضرت ؐکے سفر معراج کا آغاز، مسجد الحرام اور اس مقدس سفر کی زمینی سیر کی انتہاء مسجد الاقصیٰ ہے جو تاریخی شہر بیت المقدس میںواقع ہے ۔

مسجد الاقصیٰ وہی مقدس مکان ہے جو یہودیوں کا قبلہ تھا اور مسلمانوں نے بھی تیرہ سال مکہ میں اور ہجرت کے بعد سترہ مہینے اسی کی سمت رخ کر کے نماز ادا کی ہے ۔اسی لئے مسجد الاقصیٰ کو مسلمانوں کا پہلا قبلہ شمار کیا جا تا ہے ۔

پروردگار عالم اس آیہ کریمہ میں ارشاد فرماتا ہے :
’’ ہم نے اس سر زمین کے اطراف کو با برکت قرار دیا۔‘‘
اس برکت سے مراد کیا ہے ؟

مفسرین نے دو احتمال بیان کئے ہیں :

۱۔ممکن ہے جملہ’’بارکنا حولہ‘‘ اس سر زمین کی ظاہری برکتوں کی طرف اشارہ ہو؛ اس لئے کہ یہ سر زمین ایک سر سبز و شاداب ،درختوں سے سرشار اور جاری پانی اور آبادیوں والے علاقہ میں واقع ہے ۔

۲۔ ممکن ہے یہ جملہ اس سر زمین کی معنوی برکت کی طرف اشارہ ہو؛ اس لئے کہ یہ سر زمین عظیم الشان انبیائے الہی کا وطن اور نور توحید اور خدا پرستی کا مکان رہا ہے۔(۲)


لہٰذا قرآن کریم نے اس سر زمین کا ایک شرف بیان کیا ہے ۔ بیت المقدس کی ظاہری اور معنوی برکات اس بات کے پیش نظر کہ وہ انبیائے الہی کا محل زندگی اور پیغمبر اکرم ﷺ کی معراج گاہ ہے اور اس کے اطراف کی ظاہری برکت واضح ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے۔

۳۔ بیت المقدس روایات کے آئینہ میں

بیت المقدس قدیم زمانہ سے انبیائے الہی کا شہر رہا ہے اور اسے ’’شہر انبیاء ‘‘کے نام سے یاد کیا گیا ہے ۔مسلمانوں کا قبلہ اول کچھ خاص فضائل کا حامل ہے ،جس نے اسے دوسرے شہروں سے ممتاز بنادیا ہے ۔اسی لئے معصومین % نے اس کی طرف خاص توجہ دی ہے ۔ معصومین % نے اس شہر کی کچھ خصوصیات بیان فرمائی ہیں،جن کی طرف ہم اشارہ کر رہے ہیں :

الف - دعاکی قبولیت:

حضرت علی(ع) نے مسجد الاقصیٰ کے سفر پر جانے والے اپنے ایک صحابی سے فرمایا: ’’مشکلات میں گھراکوئی بھی شخص وہاں (بیت المقدس میں)دعا نہیں کرتا مگر یہ کہ خدا وند عالم اس کی دعا کو مستجاب اور اس کی مشکلات کو دور کردیتا ہے" (۳)


ب۔ بیت المقدس ایک بہشتی محل:

حضرت علی - نے ارشاد فرمایا:
اربعۃ من قصور الجنۃ فی الدنیا؛ المسجدالحرام و مسجد الرسول ؐو مسجد بیت المقدس و مسجد الکوفۃ۔(۴)

دنیا میں چار مقامات جنت کے محل ہیں :

۱- مسجد الحرام
2- مسجد نبوی
3- مسجد الاقصیٰ
4- مسجد کوفہ

ج - مسجد بیت المقدس چار منتخب مسجدوں میںسے ایک :

امام محمد باقر(ع) نے ابو حمزہ ثمالی سے فرمایا:
چار مسجدیں یہ ہیں :’’مسجد الحرام،مسجد نبوی، مسجد بیت المقدس(مسجد الاقصیٰ)اور مسجد کوفہ۔اے ابو حمزہ ثمالی! ان مسجدوں میں ایک واجب نماز کا ثواب ایک حج کا ثواب ہے اورا یک مستحبی نماز کا ثواب ایک عمرہ کے ثواب کے برابر ہے۔ (۵)

د ـ بیت المقدس میں نماز کا ثواب:

بیت المقدس ، مقدس مقامات اور با فضیلت شہروں میں سے ایک ہے اس لئے کہ وہ بندگان خدا اور عظیم الشان انبیائے الہی کا وطن رہا ہے ۔ اسی لئے اسلام میں اس شہر کو ایک خاص مقام و منزلت حاصلہے اوروہ دوسرے مقامات کے درمیان ایک ستارہ کے مانند چمکتا ہے ۔اسی لئے اس شہر میںعبادت کا ثواب دوسری جگہوں پر عبادت کے ثواب سے کئی گنا زیادہ ہے جیسا کہ حضرت علی(ع) سے مروی ہے کہ آپ نے ارشاد فرمایا :
’’بیت المقدس میں ایک نماز ،ہزار نماز کے برابر ہے‘‘۔ (۶)

۴۔بیت المقدس تاریخ کے آئینہ میں

تاریخی شواہد کی بنیاد پر یہ شہر عرب نسل کنعانیوں کے ہاتھوں آباد ہوا اور یہی لوگ بیت المقدس کے پرانے باشندے مانے جاتے ہیں ۔ تاریخ میں آیا ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ کی ولادت سے تین یا چار ہزار سال پہلے عربوں کے آموری اور کنعانی نامی دو قبیلوں نے شام کا سفر کیا۔کنعانیوں نے فلسطین اور آموریوں نے شام میںسکونت اختیار کی ۔ایک جرمنی دانشمند ، مورتکات کنعانیوں کی صفت کو اس طرح تحریر کر تا ہے :
’’شام کے ساحلی علاقہ کے وسط میں آثار قدیمہ کی کشف شدہ چیزوں میں سے معلوم ہوتاہے کہ سامی نسل کے کچھ لوگ حضرت عیسیٰ ؑ کی ولادت سے کم از کم تین ہزار سال پہلے وہاں آباد تھے جن کا نام کنعانیان تھا ‘‘۔(۷)

کنعانیوں کا سب سے مشہور قلعہ ’’یبوس‘‘تھا۔انھوں نے موجودہ بیت المقدس کے علاقہ میں سکونت اختیار کی اور شہر یبوس(قدس)کی بنیاد رکھی۔ اس شہر کی بنیاد یبوسیوں کے بادشاہ ’’ملک صادق‘‘ کے ہاتھوں رکھی گئی۔ اس نے اس سر زمین کے ایک گوشہ میں ’’یبوس‘‘نامی شہر کی بنیاد رکھی ۔چونکہ وہاں کا بادشاہ صلح اور آبادانی کا دوستدار تھا لہٰذا ایک عرصہ کے بعد وہاں کے باشندوں نے ’’یبوس‘‘کے نام کو بدل کر اس کا نا م ’’اورسالم‘‘ (شہر سالم۔صلح) رکھادیا۔(۸)

تاریخ میں آیا ہے کہ شہر اور سالم (بیت المقدس) مختلف ادوار میں انبیائے الہی جیسے حضرت دائود - اور آپ کے فرزند حضرت سلیمان - کی حکومت کا مرکز اور دارالحکومت رہا ہے ۔ حضرت دائود - نے حضرت عیسیٰ ؑ کی ولادت سے ہزار سال پہلے ہزاروں سپاہیوں کی مدد سے اس شہر کو فتح کیا اوراسے اپنا دارالحکومت قرار دیا اور اس کا نام ’’شہر دائود‘‘رکھ دیا گیا ۔ آپ کے بعد آپ کے فرزند حضرت سلیمان - کو بادشاہت ملی اور انہوں نے اپنے ہیکل(معبد،محل عبادت)کو کوہ ’’موربا‘‘ کے اوپر بنایا۔ اس تاریخ سے لیکر کئی قرن تک اور سالم حضرت دائود - کی نسل میں رہا ، ہیکل سلیمان ۴۲۴ ء سال تک باقی رہا یہاں تک کہ مصر کے بادشاہ’’ شیتق ‘‘نے اپنی حکومت کے دوران اسے تباہ و برباد کر دیا ۔

بیت المقدس جو کنعانیوں کے ہاتھوں بنیاد پڑا، انبیائے الٰہی حضرت دائود -اور حضرت سلیمان -کا مرکز حکومت رہنے کے بعد اس نے ایک خاص اہمیت حاصل کر لی اور ایک تاریخی شہرت کا حامل ہوگیا ۔ شاید اسی وجہ سے اسلامی روایات میں اس شہر کی تأسیس کی نسبت حضرت سلیمان -کی طر ف دی گئی ہے ۔ البتہ تاریخی نقطۂ نگاہ سے اس شہر کی قدمت حضرت سلیمان - کے دوران حکومت سے پہلے ہے ۔تاریخ کے بیان کے مطابق بیت المقدس کی تاسیس کے پانچ ہزار سال کے عرصہ میں یہ شہر ۱۵ سو سال ’’یبوسیوں‘‘ یعنی ’’کنعانیوں ‘‘کے ہاتھ میں تھا جو جزیرۃ العرب سے آئے تھے اور اس کے اصل بانی تھے ۔ اس کے بعد چار صدیوں تک اسرائیل کے ہاتھوں میںرہا ۔ چند صدیاں ایرانیوں کے ہاتھ میں ،دو صدی یونانیوں اور اشکانیوں کے ہاتھ میں اور چار صدیوںتک رومیوں کے اختیار میںرہا ۔ ان ساری تغییر و تبدیلی کے باجود اس شہر کے اصلی باشندے یعنی کنعانیان اور یبوسیان اسی طرح وہاں مقیم رہے ۔

منابع تاریخی یہودیوں کے سر زمین فلسطین میں وارد ہونے کو میلاد مسیح ؑسے ایک ہزار سال پہلے کی طرف نسبت دیتے ہیں ۔ عبرانیوں (یہودیوں )نے نہر اردن سے عبور کر کے زبر دستی اس علاقے کو کنعانیوں سے چھین لیا اور ۱۰۲۰ قبل از مسیح وہاںان کی حکومت کی بنیاد پڑی یہ حکومت حضرت دائود - اور حضرت سلیمان - کے زمانہ میں اسّی (۸۰)سال کی مدت میں ایک خاص ثقافت و تمدن اور سیاسی نظام سے بر خورد ارتھی۔حضرت سلیمان - کے بعد مملکت یہود دوحصوں میں تقسیم ہو گئی، شمال میں مملکت اسرائیل اور جنوب میں مملکت یہود!(۹)

اسی طرح فارس اور بابل کے درمیان جنگ میں بیت المقدس ایرانیوں کے ہاتھوں میں آگیا ۔ ساتویں صدی عیسوی میں ساسانی بادشاہ’’ خسرو پرویز‘‘ نے بیت المقدس پر قبضہ کیا۔

بیت المقدس کی تاریخ سے جو باتیں سامنے آتی ہیں ان کا خلاصہ یہ ہے :

۱۔ کنعانیان عرب تھے جنہوں نے جزیرۃالعرب سے ہجرت کی اور اس علاقہ میں مقیم ہو گئے۔
۲۔یہودی، یبوس کے ہاتھوں بیت المقدس کی تأسیس کے تین ہزار سال بعد فلسطین میں وارد ہوئے اور وہ قدس کے اصلی باشندے نہیں ہیں ۔

۳۔ عبرانی دو ہجرت کے دوران سر زمین کنعان میں وارد ہوئے :پہلی ہجرت :میلادمسیح ؑ سے پہلے چودھویں صدی کے شروع میں اور دوسری ہجرت: میلاد مسیح ؑسے پہلے تیرہویں صدی میں مصر سے ۔ عبرانیان ایک ماہر قبیلہ تھا ، انہوں نے کنعانیوں سے فن معماری،کھیتی اور لکھنا پڑھنا سیکھا ۔ اس کے بعد وہ اپنیپرانی زبان ساسانی کو بھول گئے اور کنعانیان کے درمیان رائج لہجہ کو سیکھ لیا۔(۱۰) 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حوالہ:

1- بیت المقدس ص؍۳۔۶
2- تفسیر نمونہ ج؍۲ ص؍۱۰
3- وسائل ج؍۲ ص؍۵۲۹
4- وسائل ج؍۲،ص؍ ۵۲۹
5- من لا یحضر الفقیہ ج؍۱،ص؍۱۴۸
6- من لا یحضر الفقیہ ج؍۱،ص؍۱۴۸
7- بیت المقدس شہر پیامبران ص؍۱۷
8- تاریخ بیت المقدس و مسئلہ فلسطین ص؍۷۔۸
9- بیت المقدس شہر پیامبران ص؍۱۷
10- بیت المقدس شہر پیامبران ص؍۸ تا ۲۰

/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
نام:
ایمیل:
* ‫نظریہ‬:
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬
تازه ترین خبریں
مقبول خبریں
پربحث
پسندیده خبریں