رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔
مصلائے امام خمینی(رہ) کو صبح پانج نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا تھا تاکہ وہ عیدالفطر کی نماز رہبر انقلاب اسلامی کی امامت میں ادا کرسکیں ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عیدالفطر کے خطبوں میں عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں عوام کی بھرپور شرکت کو ماہ ضیافت الہی برکتوں میں سے قرار دیا۔
آپ نے یوم القدس کے جلوسوں میں عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا : سال کے گرم ترین اور طویل ترین دنوں میں پورے ایران میں روزہ داروں نے گرمی کی شدت کو برداشت کیا اور جلوسوں میں شرکت کی تاکہ فلسطین کے اہم مسئلے کے بارے میں اپنا موقف بیان کریں کہ اگر بعض مسلمان حکومتیں فلسطینی کاز کے ساتھ خیانت کر رہی ہیں، بعض کوتاہی کر رہی ہیں اور بعض قوموں کو خبر ہی نہیں ہے تو ملت ایران تمام دشمنوں کے سامنے ڈٹ جانے اور فلسطین کے مسئلے کو زندہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا: حتی نوجوان اور جوان بڑے شوق اور رغبت سے روزے رکھ رہے ہیں لیکن خبیث ہاتھوں نے نوجوانوں کو روزہ رکھنے سے روکنے کی کوشش کی کہ الحمد للہ انھیں کامیابی نہیں ملی اور نہ ہی وہ کامیاب ہوں گے، لیکن حکام اور عوام کو توجہ کرنی چاہیے کہ خبیث دشمن نے کہاں تک سوچا تھا اور کن چیزوں کے بارے میں غوروفکر کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت اکثر اسلامی ملکوں میں آج عیدالفطر روایتی اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی ۔