رسا نیوز ایجنسی کی المیادین ٹی وی سے رپورٹ کے مطابق، نیویارک امریکا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے قریب ہونے والے اس مظاہرے میں امریکی اور یمنی شہریوں نے حصہ لیا اور یمن پر حملے میں امریکہ کی جانب سے سعودی عرب کی حمایت کی مذمت کی ۔
مظاہرین نے امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کی طرف سے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت کا سلسلہ روکے جانے اور یمن کا محاصرہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا ۔
مظاہرے میں شامی شہریوں نے بھی حصہ لیا اور یمنی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔
دوسری جانب پریس ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں نشر کیا کہ لندن میں سعودی حکومت کے خلاف مظاہرے کئے گئے اس مظاھرہ کے شرکا نے یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے اور یمن کےعام شہریوں کے قتل عام کو جنگی جرم قرار دیا ۔
مظاہرین نے برطانیہ اور دیگر مغربی ملکوں کی جانب سے سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کئے جانے کی مذمت بھی کی ۔
مظاہرین نے یورپی ملکوں کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنے کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اس لئے کہ سعودی عرب کی آل سعود حکومت، ان ہتھیاروں کو یمنی عوام کے خلاف استعمال کر رہی ہے ۔
واضح رہے کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے سعودی عرب کے ساتھ فوجی سمجھوتے طے کئے ہیں اور وہ اس ملک کو ہتھیار فروخت کرنے کے علاوہ سعودی پائلٹوں کی تربیت اور یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کی حمایت کر رہے ہیں ۔ ۹۸۸/ ن۹۳۰/ ک۲۹۶