‫‫کیٹیگری‬ :
25 October 2017 - 23:15
News ID: 430532
فونت
حجت الاسلام مختار احمد امامی:
کراچی میں میڈیا سیل کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ملت جعفریہ کیخلاف حکومتی انتقامی کاروائیوں پر خاموش نہیں رہیں گے، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قومی تنظیموں کیساتھ ہیں، آرمی چیف اور چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کردار ادا کریں۔
حجت الاسلام مختار امامی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان حجت الاسلام مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ معیشت کی تباہ حالی کے ذمہ دار کرپٹ حکمران ہیں، کرپشن ملک کیخلاف معاشی دہشتگردی ہے، وقت آگیا ہے کہ سیاسی فرعونوں، معاشی قارونوں اور مذہبی بلعم بعوروں کا بے رحمانہ احتساب کیا جائے، بلوچستان میں انتہاپسند مذہبی گروہ ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر معصوم لوگوں کا خون کر رہے ہیں، دہشتگردی کا خاتمہ شاخ تراشی سے نہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے سے ہوگا، ن لیگی حکومت نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ریاست کے وفادار نہیں ہو سکتے، خاندانی سیاسی نظام کے خاتمے کے بغیر جمہوری نظام کا پنپنا مشکل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صوبائی میڈیا سیل کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکریٹری اطلاعات علی احمر زیدی، صوبائی سیکریٹری اطلاعات آصف صفوی و دیگر ارکین بھی موجود تھے۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ ملت جعفریہ کیخلاف حکومتی انتقامی کاروائیوں پر خاموش نہیں رہیں گے، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قومی تنظیموں کیساتھ ہیں۔

حجت الاسلام امامی نے کہا کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے ہیں، بانیان پاکستان کے اولادوں کو دیوار سے لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، ہم نے ہزاروں لاشے اُٹھائے، لیکن قائد اور اقبال کے پاکستان پر آنچ تک آنے نہیں دی، ہم آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عزاداری اور عزاداروں کیخلاف ساڑھے آٹھ سو سے زائد ایف آئی آرز کا اندراج پنجاب حکومت کی متعصبابہ سوچ کی عکاسی ہے، جسے چہلم امام حسینؑ کے بعد اعلی عدالتوں میں چیلنج کریں گے، انتظامیہ میں موجود متعصب اہلکاروں کیخلاف بھی عدالتوں سے رجوع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء کی تیاری کیلئے کارکنان دن رات ایک کرکے کام کریں، ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، انشاءاللہ اس کرپٹ نظام کیخلاف جناح اور اقبال کے پاکستان کے دوبارہ سے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬