رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف نواز شریف کے منفی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لیا جانا چاہیے۔ اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے اور لوٹے ہوئے سرمائے کو بچانے کے لیے ملک کے ذمہ دار اداروں کی تضحیک آئین و قانون کی بدترین پامالی ہے۔
انہوں نے کہا : نواز شریف اپنے دور اقتدار میں اداروں کی شفافیت اور منصفانہ طرز عمل کے گن گاتے رہے ہیں ۔اب اپنے خلاف فیصلے پر ان اداروں کی کارکردگی پر اعتراض کی حقیقت ہر ایک پر واضح ہے۔
انہوں نے کہاکہ حدیبہ پیپر کیس سمیت نواز شریف اینڈ فیملی کی کرپشن کے تمام مقدمات کو منظر عام پر لایا جانا چاہیے۔نون لیگ کے وزرا کی طرف سے عدالتی فیصلوں کے خلاف بھرپور عوامی ردعمل کا مسلسل ڈھونڈرا پیٹا جا رہا ہے جس کا مقصد اداروں پر سے عوام کا اعتماد ختم کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی ظلم و زیادتیوں کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔نواز شریف کے دور حکومت میں قومی سرمائے کو جس بے رحمی سے لوٹا گیا ہے اس کی پاکستانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔پاکستان کے بیس کروڑ عوام قومی سرمایہ لوٹنے والوں کا بے رحمانہ احتساب چاہتے ہیں۔نواز شریف اور ان کے خاندان سے لوٹی ہوئی ایک ایک پائی وصول کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی لوٹ مار کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا جس کے باعث ملکی معیشت عدم استحکام کا شکار ہو کر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔بھارتی ایما ءپر پاکستان کی سالمیت و بقا کو خطرات سے دوچار کرنے والےنواز شریف کسی معافی کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عہدوں کا ناجائز استعمال اور آئین کی پامالی ملک و قوم سے غداری ہے ۔کرپٹ اور لیٹرے حکمرانوں کا کڑا احتساب قانون و انصاف کا تقاضہ ہے جسے ہر حال پورا ہونا چاہیے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/