رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر حجت الاسلام قاضی نیاز حسین نقوی نے اسلام آباد میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سیاست پر امریکی تسلط کے مقابلے میں پاکستان، ایران، ترکی، افغانستان، چین اور روس کا اتفاق رائے بہت اہمیت کا حامل ہوگا، اس سے مسلم دنیا کو فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ امریکی اقدامات مسلمانوں کا ریاستی سطح پر قتل کرنیوالی ناجائز ریاست اسرائیل اور انتہا پسند ہندو ریاست بھارت کی سرپرستی کررہا ہے، اس طرح 3 ریاستی شیطانی گٹھ جوڑ سے مسلمانوں کو شدید خطرہ ہے۔
لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سپیکرز کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کے خطابات پاکستانی عوام کی ترجمانی اور وقت کی ضرورت ہیں، کیونکہ انہوں نے امریکی دھمکیوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ کوئی ملک ہمیں ڈرا دھمکا نہیں سکتا، ہم نوٹس لینے کے عادی نہیں۔
حجت الاسلام نیاز نقوی کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں خود داخل ہوا، اس نے القاعدہ اور طالبان جیسے جہادی گروپ خود پیدا کئے، نائن الیون حملوں کا ڈرامہ بھی خود رچایا، افغانستان پر حملہ کیا اور اب یہاں پھنس چکا ہے تو اس کی ذمہ داری اپنی ہے، افغانستان اور امریکی فورسز کی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ داعش کے خطرے سے آگاہی بھی اسپیکرز کانفرنس کی بڑی کامیابی ہے، کیونکہ شام اور عراق سے شکست کے بعد نام نہاد بھگوڑے جہادی افغانستان میں اکٹھے ہو چکے ہیں، انہیں یہاں سے نکالنا ضروری ہے ورنہ یہ پاکستان اور خطے کے دوسرے ممالک کیلئے خطرے کا باعث ہوں گے، اس کیلئے اسلامی جمہوریہ ایران، شام اور عراق کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/