رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر پیروان ولایت کا ایک اہم اجلاس تنظیم کے سربراہ حجت الاسلام سبظ محمد شبیر قمی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کشمیر بھر سے آئے ہوئی تنطیم کے اراکین کے علاوہ دیگر روشن فکر نوجوانوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیم کے مختلف امورات پر غور و خوض ہوا اور سماج میں پھیلی بدعات و برائیات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
تنظیم کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے سماج میں تیزی کے ساتھ پھیل رہی برائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اراکین سے اپیل کی کہ وہ حتی الامکان ان بدعات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں اور اس سلسلے میں پہلے اپنے نفس اور خاندان کو ان بدعات و برائیوں سے محفوظ رکھیں۔
مولانا شبیر صوفی نے کہا کہ پیروان ولایت ہر اس سماجی تنظیم کو اپنا تعاون پیش کرے گی جو معاشرہ کو صاف و شفاف بنانے اور وحدت اسلامی کے لئے پہل کرے گی۔
انہوں عالم اسلام میں پیدا شدہ سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دشمنان اسلام نے اس وقت عالم اسلام کے خلاف محاذ کھولا ہے اور وہ خود غرض اور مفاد پرست شیعہ و سنی عناصر کو استعمال میں لاکر مذموم حرکات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پیروان ولایت اتحاد بین المسلمین کی داعی تنظیم ہے اور کسی بھی صورت میں وحدت اسلامی کے خلاف سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے لہذا اس کے خلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ مولانا شبیر صوفی نے سوشل میڈیا پر ہو رہے افسوسناک حرکات اور بلا تحقیق بے بنیاد خبروں کی تشہیر کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے مفاد پرست اور اسلام دشمن عناصر سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔
ادھر تنظیم کے صدر مولانا سبط محمد شبیر قمی نے بھی اتحاد اسلامی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وحدت اسلامی دشمن کے مقابلہ میں ایک اہم ہتھیار ہے، جس کی حفاظت ہر ایک مسلمان چاہئے شیعہ ہو یا سنی پر لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیروان ولایت سماج میں پھیلی بدعات و برائیوں کو روکنے میں ہر ممکن اقدامات کرے گی اور مفلوک الحال و دیگر غریب کنبوں میں تعلیم کا ماحول سازگار بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کرے گی۔
مولانا شبیر قمی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے اس کے فرمودات پر بھر پور عمل اور اس کے احکام کی تائید کرنے کی پرزور اپیل کی۔/۹۸۹/ ف۹۷۴