رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن موسوی نے کہا کیہ عیدالفطر کے متبرک موقعہ پر اہل اسلام کی خدمت میں دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور عالم اسلام کی امن و سلامتی کے لئے بارگاہ الٰہی میں دست بدعا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پے پایاں رحمت و مغفرت اور عظمت کا مبارک مہینہ ہم سے جدا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مبارک ہیں وہ لوگ جنہوں نے اس پُرفضیلت مہینے کے فکر و فلسفے اور پیغام و روح کو سمجھ کر اپنے نفس کی اصلاح کا مصمم ارادہ کیا اور اللہ تعالٰی کی خوشنودی کے لئے صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا۔ آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ عیدالفطر اسی صبر و استقامت اور محنت و مشقت کا صلہ ہے۔
آغا سید حسن نے کہا کہ عید کے دن نہ جانے کتنی ماؤں کو ان کے کھوئے ہوئے لخت جگر، کتنے یتیموں کو بچھڑے سرپرست اور کتنی بہنوں کو ان کے بھائی اور کتنی خواتین کو اُن کے اجڑے سہاگ یاد آکر خون کے آنسو رلائیں گے، جنہیں ظلم و استبداد کی آندھی میں اجاڑ کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مظلوم قوم کے لئے عید یا کسی اور مبارک دن پر اپنی مظلومیت کی لاج رکھتے ہوئے ہرگز ایسے جشن و سرور کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے، جو نہ ان کی مظلومیت نہ شریعت اور نہ حالات و واقعات کے تناظر میں کوئی جوازیت رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ میری مظلوم کشمیری قوم سے مودبانہ اپیل ہے کہ وہ عید انتہائی سادگی سے منائیں اور ایسے رسم و روایات سے پرہیز کریں جو شریعت کے منافی ہوں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰