‫‫کیٹیگری‬ :
08 September 2018 - 22:41
News ID: 437088
فونت
حجت الاسلام سید حسن نصرالله :
حزب اللہ لبنان کے جنرل سیکریٹری نے محرم الحرام کی مناسبت سے علما و ذاکرین نیز مبلغین کے ایک اجتماع سے خطے اور لبنان کے بعض مسائل کے سلسلہ میں تقریر کی ۔
 سید حسن نصرالله

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے جنرل سیکریٹری حجت الاسلام سید حسن نصرالله نے محرم الحرام کی مناسبت سے علما و ذاکرین نیز مبلغین کے ایک اجتماع سے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمنوں نے اسلام کا چہرہ بگاڑ کر پیش کرنے کے لئے تکفیری وہابیوں کا ایک جعلی نسخہ تیار اور القاعدہ و داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کے ذریعے اسے عملی نمونے کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کی اور دنیا کے مختلف ملکوں کے تعلیمی مراکز میں اس کام پر اربوں ڈالر خرچ کئے۔

سید حسن نصراللہ نے کہا : امریکہ، برطانیہ اور سعودی عرب ایران میں اسلامی انقلاب کا مقابلہ کرنے کے لئے شروع سے ہی سازشیں کررہے ہیں اور شکست کھانے کے بعد دشمنوں نے ایک بار پھر ایران کی طرف رخ کر لیا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف امریکی، اسرائیلی اور سعودی عرب کی مشترکہ سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل،  سعودی عرب پر مسلط حکمراں خاندان  آل سعود کے ذریعہ خطے میں شیعہ اور سنی جنگ چھیڑنے کا ناپاک ارادہ رکھتے تھے جسے شیعہ اور سنیوں نے باہمی اتحاد کے ساتھ ناکام بنادیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکی ، اسرائیلی اور سعودی ایجنٹ شیعہ اور سنیوں کو مشترکہ طور پر اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا : یہ سازشی منصوبہ، پورے علاقے کے لئے تیار کیا گیا تھا مگر خداوند متعال کی مدد و نصرت اور رہبر انقلاب اسلامی کے صبر و تحمل اور تدبیر و رہنمائی کی بدولت یہ سازشی منصوبہ شکست سے دوچار ہو گیا۔

سید حسن نصراللہ نے کہا : دشمن پابندیاں لگا کر ایران کو غلط طریقے سے پیش اور عوام کو ورغلا کر اور اسی طرح ایرانی قوم نیز ایران و عراق کے عوام کے درمیان فتنے کا بیج بو کر اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے لبنان اور تحریک مزاحمت کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : حزب اللہ اس وقت علاقے میں بنیادی کردار کی حامل ہے جس کی وجہ اس کا عوامی اور حزب اللہ اور تحریک امل کے درمیان اتحاد و یکجہتی کا ہونا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے لبنان پر اسرائیل کی 33 روزہ مسلط کردہ جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : اسرائیل کو اس جنگ میں تاریخی شکست ہوئی جبکہ اسرائیل اس جنگ میں شیعہ نسل کشی پر کمر بستہ تھا لیکن اللہ تعالی نے اسے تاریخی شکست سے دوچار کردیا۔

انہوں نے کہا : امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے شوم منصوبے عراق، شام اور یمن میں ناکام ہوگئے ہیں اور اب وہ ایران پر پابندیاں عائد کرکے ایران کے اندر کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ سازش بھی ناکام ہوجائے گی۔/۹۸۸/ن۹۷۴/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬