رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی اور قائم مقام صوبائی صدر پنجاب مولانا موسیٰ رضا جسکانی نے چک نمبر HL240 تھانہ کچھی والا تحصیل فورٹ عباس ضلع بہاولنگرکے علاقے میں چار دیواری کے اندر روایتی مجلس عزا میں شریک عزاداران مرد و خواتین، بچوں و بوڑھوں پر پولیس کی جانب سے منظم طریقہ سے ہلہ بولنے اور مجلس عزا پڑھنے اور سننے والوں پر لاٹھیوں سے بے رحمانہ تشدد اور علم مبارک حضرت عباسؑ اور مقدسات کی توہین کرنے کی مذمت کی ہے ۔
انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان سمیت وفاقی اور صوبائی حکومت اور بالخصوص آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین و پر تشدد واقع پر فی الفور نو ٹس لیکر شہریوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور تھانہ کچھی کے پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں پر پولیس گردی و تشدد کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء کے سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے اور پاکستان کو مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے۔
حجت الاسلام عارف واحدی نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے ان پولیس اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، ورنہ ملت جعفریہ ملک گیر احتجاج کرے گی۔
انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے پولیس تشدد اور مجلس روکنے پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کی۔ شیعہ علما کونسل پنجاب کے قائم مقام صدر مولانا موسیٰ رضا جسکانی نے واضح کیا ہے کہ چک نمبر HL240 تھانہ کچھی والا تحصیل فورٹ عباس ضلع بہاولنگر کے مومنین لاوارث نہیں ہیں، ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم پُرامن شہری ہیں لیکن اپنے شہری حقوق کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ علما کونسل کا وفد اس گاؤں کا دورہ بھی کرے گا اور پولیس کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کروائے گی۔/۹۸۹ف۹۴۰/