رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے ایران کے سرحدی شہر میرجاوہ میں دہشت گردوں کے ذریعے ایرانی سرحدی محافظوں کو اغوا کر کے انہیں پاکستان میں منتقل کئے جانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی رعایت کرتے ہوئے دہشت گردوں سے سختی کے ساتھ نمٹے-
تہران کے خطیب جمعہ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے نے قتل و بربریت اور جرائم کا ارتکاب کرنے کے تعلق سے امریکا اور سعودی عرب کی ماہیت کو مزید آشکارہ کر دیا ہے-
تہران کے خطیب جمعہ نے نماز جمعہ کے خطبوں میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے نے آل سعود حکومت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، کہا کہ امریکا آل سعود سے خطیر رقم وصول کر کے خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ خاشقجی کی گمشدگی کا معاملہ سامنے آنے سے امریکا اور سعودی عرب پر کاری ضرب لگی ہے-
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اربعین حسینی مارچ کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب باوفا کا چہلم اور عظیم الشان اربعین حسینی مارچ پرشکوہ انداز میں ہونا چاہئے-
بیس صفر المظفر مطابق تیس اکتوبر سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم ہے اس موقع پر عراق، ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے دسیوں لاکھ زائرین کربلائے معلی پہنچ رہے ہیں جو چہلم میں شرکت کرنے کے ساتھ عظیم الشان اربعین حسینی مارچ میں بھی حصہ لیں گے-