رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ امامی کاشانی نے تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبے میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کئے جانے اور ایران سے تیل خریدنے والے ملکوں کو دی جانے والی چھوٹ کی مدت میں توسیع نہ کئے جانے کے امریکی اقدامات کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کے شرمناک اقدامات کے بارے میں فیصلہ عالمی رائے عامہ پر چھوڑے جانے کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف امریکی سازشیں ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوں گی۔
خطیب جمعہ تہران نے سعودی عرب میں سینتیس بےگناہ شہریوں کو تہ تیغ کئے جانے کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرمناک اقدام آل سعود حکومت، امریکہ اور صیہونی حکومت جیسے اس کے حامیوں کی پیشانی پر کلنگ کا ایک ٹیکہ ہے۔
انھوں نے امریکہ، آل سعود اور صیہونی حکومت کو ناپاک مثلث قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پھیلانے اور علاقے کے عوام کا قتل عام کرنے کی بنا پر پوری دنیا سعودی عرب، غاصب صیہونی حکومت اور امریکہ کو مجرم سمجھتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تہران سمیت ایران کے مختلف شہروں کی نماز جمعہ میں شریک نمازیوں نے امریکہ، آل سعود اور صیہونی حکومت کی مذمت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔