رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلتستان میں عشرہ اسد کی مجالس کا آغاز ہو گیا۔ پانچوں اضلاع کی مساجد اور امام بارگاہوں میں فرش عزا بچھ گئی ہے، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، گمبہ سکردو میں اسد عاشورا 28 جولائی جبکہ سکردو شہر میں دو اگست کو منایا جائے گا۔
سکردو شہر میں اسد عاشورا میں ایک لاکھ سے زائد عزاداران امام حسینؑ شریک ہوں گے۔ بلتستان دنیا میں واحد خطہ ہے کہ جہاں پر سال میں دو مرتبہ اسد عاشورہ منایا جاتا ہے۔
ماہ محرم کے بعد برج اسد کے آخری ایام میں بھی عاشورہ منایا جاتا ہے، ایام اسد بلتستان میں سال کے گرم ترین ایام ہوتے ہیں، چونکہ بلتستان پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے سال بھر سردی رہتی ہے تاہم ایام اسد میں سال میں سب سے زیادہ گرمی پڑتی ہے، اسی لئے میدان کربلا کی تپتی دھوپ اور گرمی کی یاد میں ایام اسد میں بلتستان میں امام عالی مقام کی اس عظیم قربانی کو یاد کیا جاتا ہے، اسد شروع ہوتے ہی بلتستان بھر کی مساجد و امامبارگاہوں میں مجالس شروع ہوتی ہیں اور آخری روز یوم عاشور منایا جاتا ہے، جو اسد عاشورا کے نام سے مشہور ہے۔
دوسری جانب اسد عاشورا کی سکیورٹی کے سلسلے میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔ /۹۸۸/ ن