‫‫کیٹیگری‬ :
14 August 2016 - 19:43
News ID: 422622
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان :
یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے قوم کے نام تہنیتی پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا : ۶۹ سال پاکستان کو مکمل ہوگئے لیکن افسوس آج تک پاکستان کو اس کے اساسی نکات کی جانب لوٹایانہیں جاسکا ۔
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا : نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے بیان کی مکمل تائید کرتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایکشن پلان ضروری لیکن اس کا قبلہ درست کیا جائے ۔

انہوں نے سانحہ کوئٹہ کے بعد کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بیان کیا : اس پلان کو ناکام بنانے کیلئے اس کا رخ شہری آزادیوں اور بنیادی حقوق کی جانب موڑا گیا، ہم حق بجانب ہیں کہ بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے پرامن اقدامات کریں لیکن اگر مشکلات پیدا ہوئیں تو ذمہ دار حکمران ہونگے، سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے پورا سچ سامنے لانے کی ضرورت ہے، ہم مدت سے حقائق منظر عام پر آنے کے متمنی ہیں۔

حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اہم امور پر طویل مشاورت کی گئی ہے اور اس کے بعد یہ بیان کہ نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت نہ ہونے سے ضرب عضب متاثر ہوا ، خامیوں کو دور کرکے مکمل عملدرآمد کی جانے کی بھرپور تائید کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا : ہم سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے ایکشن پلان ضروری ہے لیکن اس کا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس پلان کو ناکام بنانے کیلئے اس کا رخ شہری آزادیوں، بنیادی حقوق سلب کرنے اور صدیوں سے جاری تبلیغی مجالس کی جانب موڑ دیا گیا حالانکہ یہ خالصتاً شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے ۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے بیان کیا : پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں خالص تبلیغی مجالس پر ایف آئی آر ز درج کی گئیں جن کا خاتمہ کیا جائے ، ہم حق بجانب ہیں کہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پرامن اقدامات کریں لیکن اس سے مشکلات بھی پیدا ہونگی جس کی ذمہ داری ہم پر عائد نہیں ہوگی۔

دوسری جانب ملتان میں مختلف وفود سے گفتگو اورکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا : سانحہ کوئٹہ انتہائی المناک سانحہ لیکن افسوس ضرورت اس امر کی ہے کہ اس حوالے سے پورا سچ سامنے لایا جانا چاہیے ، میں مدت سے ببانگ دہل یہ کہتا چلا آرہاہوں کہ حقائق سامنے لائے جائیں اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : کبھی خادم اعلیٰ کہتے ہیں کہ سچ نہ اگلوایا جائے کبھی وزیر داخلہ آدھی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں سب کچھ آشکار کرنے پر مجبور نہ کیا جائے ، اس کا مطلب کھلے بندوں سچ چھپانا ہے، جب ایسی باتیں ذمہ داران کی جانب سے سامنے آئیں گی تو پھر جو لوگ کچھ معاملات پر توجیہ باہمی ملی بھگت سے تعبیر کرتے ہیں اس کو درست سمجھا جائے گا ۔

یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے قوم کے نام تہنیتی پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا : 69 سال پاکستان کو مکمل ہوگئے لیکن افسوس آج تک پاکستان کو اس کے اساسی نکات کی جانب لوٹایانہیں جاسکا، جمہوریت ، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی خواب ہی رہی ۔

انہوں نے کہا : ہمیں ایک اجڑا ہوا تباہ حال پاکستان ورثے میں ملا، ہزاروں لوگ مارے گئے لیکن آج تک معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کے قاتل کون تھے ، ریاست کو تباہی کے دہانے پر کس نے پہنچایا ، اس کا ذمہ دار کون تھا۔

حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے بیان کیا : ہمیں آج کے دن اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے اس کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں گے ، جمہوریت کی مکمل بحالی، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، میرٹ کا اطلاق اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، ہمیں مل کر ملکی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا اور آگے آنا ہوگا ۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬