29 August 2016 - 22:11
News ID: 422914
فونت
بہرام قاسمی:
اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق کے صوبہ کربلا میں دہشت گردانہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بہرام قاسمی

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی جانب سے صوبہ کربلا کے شہر عین تمر میں شادی کی ایک تقریب میں کئے جانے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا : عراق میں دہشت گردوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔

انہوں نے اس گھناؤنے اور انسانیت سوز اقدام میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین، عراقی عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا : تکفیری دہشت گرد ایک ایسے وقت اس قسم کے اقدامات انجام دے رہے ہیں جب وہ خود بھی جانتے ہیں کہ عراق میں ان کے دن ختم ہو چکے ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا : اس قسم کے دہشت گردانہ اقدامات عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ہاتھوں مسلسل شکست کا ردعمل ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا : اسلامی جمہوریہ ایران کو توقع ہے کہ عراقی عوام، حکومت، فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مدد سے عراق اور علاقے سے دہشت گردی کا جلد سے جلد خاتمہ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ صوبہ کربلا کے شہر عین تمر میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات شادی کی ایک تقریب میں دہشت گردانہ بم دھماکوں میں اٹھارہ عام شہری جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬