رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے شام میں ترک فوجیوں کی موجودگی اور ان کی کارروائیاں جاری رہنے پر تشویش ظاہر کی ہے۔
بہرام قاسمی نے ایک بار پھر تمام ملکوں کی جانب سے شام کی ارضی سالمیت اور خود مختاری کے احترام کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا : اگرچہ دہشت گردی سے مقابلہ اور علاقے کی سلامتی اور امن و استحکام کا تحفظ، علاقے کے امن پسند ملکوں کی خارجہ پالیسی میں ایک نا قابل تغیر اور اہم اصول ہے ۔
انہوں نے تاکید کی : یہ مسئلہ کسی ملک کی مرکزی حکومت کی ہم آہنگی کے بغیر اور اس ملک کی خودمختاری سے بے توجہی برتتے ہوئے، فوجی کارروائی انجام دینے اور اس ملک کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی کی توجیہ کا باعث نہیں بن سکتا۔
بہرام قاسمی نے کہا : دہشت گردی سے مقابلے کے عمل میں ہر وہ طریقہ اور روش، ناقابل قبول ہوگی جس سے مرکزی حکومت کی قانونی حیثیت اور سیاسی خودمختاری کو نقصان پہنچے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ شام کی سرزمین پر ترک فوجیوں کی موجودگی کا سلسلہ جاری رہنے سے علاقے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگی، کہا : شمالی شام میں جھڑپوں کا دائرہ وسیع ہونے سے مزید بے گناہ اور عام شہری مارے جائیں گے اس لئے ضروری ہے کہ ترکی کی فوج شام میں فورا اپنی فوجی کارروائی روک دے۔