رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرگودہا انتظامیہ کو وزارت داخلہ پنجاب کی طرف سے ریجن بھر کے ڈی سی اوز، ڈی پی اوز کو الرٹ کیا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ کے مطابق دہشتگرد محرم کے دوران جلوسوں و مجالس کیساتھ ساتھ اہم شخصیات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔
وزارت داخلہ صوبہ پنجاب کی طرف سے سرگودہا ریجن میں دہشت گردی کے خطرے کے پش نظر سول ایڈمنسٹریشن اور پولیس کو یونین کونسل اور تھانوں کی سطح پر سکیورٹی انسپکشن ٹیمیں تشکیل دینے اور فول پروف حفاظتی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری طرف سکیورٹی آلات کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی انکی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔
محرم الحرام کی آمد سے قبل ہی سی سی ٹی وی کیمروں، میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کی خریداری بڑھتے ہی بعض دکانداروں نے از خود ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے حکم کے باوجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو قیمتیں کنٹرول کرنے کے تحریری احکامات جاری کیے تھے ۔/۹۸۸/ن۹۴۰