
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کے روز صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ آرمینیا سے قبل نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ایران، روس اور ترکی کے درمیان بحران شام کے سیاسی حل اور اس ملک کے مختلف علاقوں میں فائربندی نیز ان علاقوں کے عوام کی امداد کے بارے میں مذاکرات ہوئے تھے۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ منگل کے روز ماسکوں میں ہونے والے مذاکرات میں ایک بیان کی منظوری بھی دی گئی جس میں شام کی ارضی سالمیت اور شام کی قانونی حیثیت کو تسلیم کئے جانے پر تاکید کی گئی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شام کا بحران صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایران ، روس اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے علاوہ ان تینوں ملکوں کے وزرائے دفاع کا بھی ماسکو میں ایک اجلاس تشکیل پایا جس میں بحران شام اور خاص طور سے حلب کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔/۹۸۸/ن۹۴۰