رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجرجنرل محمد علی جعفری نے انقلاب اسلامی کے آثار و برکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : عالمی سطح پر انقلاب اسلامی کے اثرات اور تاثیرات نمایاں ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : ہم ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنھوں نے انقلاب اسلامی کی پیشرفت، ترقی اور تحفظ کے سلسلے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
محمد علی جعفری نے بیان کیا : عسکری علوم کی مختلف قسمیں ہیں جن میں ایک کلاسیک علم ہے جس میں ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہمیں جنگ میں کس طرح لڑنا چاہیے۔
انہوں نے تاکید کی : ایران نے آٹھ سالہ جنگ میں بہترین تجربات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین کامیابیاں بھی حاصل کیں۔ ہمیں فوجی علوم کے حصول میں دوسروں کی تقلید کرنے کے بجائے اپنے علمی اور فوجی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے اور سپاہ کو انقلابی ذمہ داری کے ادراک کے ساتھ انقلابی عمل بھی کرنا چاہیے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے بیان کیا : انقلاب اسلامی کی حفاظت کی ذمہ داری سپاہ کے دوش پر ہے لہذا سپاہ کو علم و دانش سے مسلح ہونے کے ساتھ تقوی اور پرہیزگاری سے بھی مسلح ہونا چاہیے۔
محمد علی جعفری نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : اس سے قبل صرف ایران میں امریکہ کے خلاف نعرے لگائے جاتے تھے اور ایران میں امریکی سامراجی پرچم کو نذر آتش کیا جاتا تھا لیکن آج انقلاب اسلامی کی بدولت دنیا بھر میں امریکہ کے خلاف نعرے لگائے جارہے ہیں اور امریکی پرچم کو نذر آتش کیا جارہا ہے کیونکہ اس وقت امریکی پرچم دنیا میں ظلم کی علامت بن گیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۳۳۱/