رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قونصلر اور پارلیمانی امور حسن قشقاوی نے ایک تقریب میں گفت و گو کے درمیان بیان کیا : 180 ممالک کے سیاحوں کو ایران کے کسی بھی بین الاقوامی ہوائے اڈے پر پہنچنے کی صورت میں ویزے فراہم کئے جائیں گے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: اس وقت دنیا کے ایک سو اسّی ملکوں کے مسافر، زائر اور سیاح ایران کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر پہنچ کر مختصر مدت کے لئے ایران کا آن آرائیول ویزا دریافت کرسکتے ہیں۔
حسن قشقاوی نے بیان کیا : بعض ملکوں کے ساتھ دوطرفہ ویزے کی منسوخی کی پالیسی پر عمل در آمد شروع کر دیا گیا ہے تاکہ سیاحت کے میدان میں ایران نے دو ہزار پچیس تک دو کروڑ سیاحوں کی میزبانی کا جو ہدف تیار کیا ہے وہ پورا ہوسکے۔
نائب ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ویزوں کے اجرا میں بہت وقت لگایا جاتا تھا اور یہ غیرملکی سیاحوں کی ایران آمد میں کمی کی اصل وجہ تھی اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 180 ممالک کے سیاحوں کو ایرانی ایئرپورٹ آمد پر ان کو ویزے دے دئے جائیں گے۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا : دنیا کے ملکوں میں تعینات ایرانی سفیروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ایران کے قدرتی، تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مقامات اور مناظر اور ان میں پائی جانے والی کشش کے بارے میں دنیا بھر کے سیاحوں کو آشنا کرائیں تاکہ مختلف ملکوں کے سیاحوں کو ایران کی سیاحت کی صنعت سے آشنائی ہو سکے۔
انہوں نے کہا : ایران کے اندر سیاحت اور ثقافتی میراث کے ادارے نے بھی اس سلسلے میں اچھے اور قابل قدر اقدامات کئے ہیں۔ اس سے پہلے ایران کے ادارہ سیاحت اور ثقافتی میراث نے بھی اعلان کیا تھا کہ مارچ کے وسط سے الیکٹرانیک ویزوں کا اجرا شروع ہو جائے گا۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۳۶۳/