09 April 2017 - 23:59
News ID: 427396
فونت
حجت الاسلام حسن روحانی :
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا : شام پر امریکی حملے کی حمایت کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایک دن ان کی باری بھی آئے گی۔
حجت الاسلام حسن روحانی

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجت الاسلام حسن روحانی نے جوہری ٹیکنالوجی کے قومی دن کی11 ویں سالگرہ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ہر ملک کے لئے جوہری ٹیکنالوجی کی اہمیت اور ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا : ایرانی سفارتکاروں نے عالمی برادری میں جوہری توانائی کے سلسلے میں جو کامیابیاں حاصل کیں اس میں ایرانی قوم کا بھروسہ اور اعتماد نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : قائد انقلاب اسلامی کی ہدایات کی بنا پر جوہری ٹیکنالوجی ملک کے لئے ایک اہم ضرورت ہے اور ایرانی قوم اور سفارتکاروں کا صبر اور استقامت اس کی نشانی ہے۔

حجت الاسلام حسن روحانی نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر کہا : ہمارے ماہر سفارت کاروں نے"ایٹمی ٹیکنالوجی ہمارا مسلمہ حق ہے" جیسا مطالبہ عالمی اداروں سے منوالیا ہے۔

انہوں نے کہا : پچھلے ایک برس کے دوران جہادی اور انقلابی انتظام کے نتیجے میں، بیالیس ایٹمی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کیا گیا ہے۔ سائنٹیفک، انقلابی اور جہادی انتظام کے نتیجے میں، ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے اثرات عوام کی زندگیوں میں دکھائی دینے لگے ہیں۔

حسن روحانی نے تاکید کرتے ہوئے کہا : ایرانی نوجوانوں اپنے انقلابی اور جہادی نظام کے ذریعے جوہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے تاکید کی : گزشتہ سال کے دوران کئی جوہری پروگراموں سمیت بوشہر ایٹمی پاورپلانٹ کی تعمیر اور جوہری دوائیں کی پیداوار جوہری کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا : ایرانی جوہری توانائی ادارہ اپنے جوہری حقوق کو مضبوط کرنے کے لئے یورینیم کی افزودگی، بھاری پانی کے حوالے سے صحیح سمت میں آگے بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے ایک ملک کی قوم کے مابین اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا : 'ہم کر سکتے ہیں' ایک صحیح نعرہ ہے کیونکہ باہمی اتحاد کے ساتھ ایران ایک طاقتور ملک میں تبدیل ہوگیا ہے۔

انہوں نے بیان کیا : ہم نے صبر و استقامت اور قائد انقلاب اسلامی کی ہدایات کے تحت ظالمانہ پابندیوں سے مقابلہ اور جوہری مذاکرات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

حجت الاسلام حسن روحانی کہا : بڑے افسوس کی بات ہے کہ خطے کے بعض ملکوں نے شام پر امریکی حملے کی تعریف کی ہے ۔

انہوں نے کہا : شام پر امریکی حملے کی حمایت کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایک دن ان کی باری بھی آئے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے شام پر امریکی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا : امریکہ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر شام پر میزائلی حملہ کیا ہے اور ان کے اتحادیوں سمیت داعش اور تکفیری دہشت گرد امریکہ کے ایسے اقدام سے خوش ہیں۔

انہوں نے آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کا ذکر کر تے ہوئے کہا : اللہ کے فضل و کرم سے ہماری قوم آئندہ انتخابات میں بھرپور شرکت کر کے آزادی اور خود مختاری کی ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔ ایران کے انتخابات امریکی انتخابات کی طرح نہیں اور ایرانی عوام باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیکر دنیا والوں کے سامنے ملک کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔

حجت الاسلام حسن روحانی نے کہا : عوام کو انتخابات اور ووٹنگ سے مایوس کرنا قوم کے خلاف دشمنوں کے راستے پر گامزن ہونے کا مترادف ہے مگر قوم جان لے کہ وطن عزیز کے مستقبل کا انحصار ان کی انتخابات میں شرکت اور حق رائے دہی کے استعمال پر ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی قدردانی اور ایٹمی ٹیکنالوجی کی تکمیل کے حوالے سے، نو اپریل کو اس ملک میں ایٹمی ٹیکنالوجی کا قومی دن قرار دیا گیا ہے۔

ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی مرکزی تقریب میں اعلی حکام کے علاوہ غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔

حجت الاسلام حسن روحانی نے، دو اہم ایٹمی مصنوعات کی رونمائی بھی کی جن میں سے ایک مقناطیسی بال بیرنگ کی ساخت اور تیاری جبکہ دوسرا ہائی ٹیمپریچر کنڈینس پمپ کی ساخت اور کمشننگ سے متعلق ہے جو ایٹمی بجلی گھروں کی بنیادی ضرورت ہے۔

صدر ایران سے اس موقع پر تین دوسرے ایٹمی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جن میں، صوبہ البرز میں سائیکلوٹرون ریڈیو میڈیسن کا پیداواری یونٹ، مقامی ٹیکنالوجی سے تیار ہونے والا انڈسٹریل ایریڈی ٹیشن سینٹر اور یورینیئم اسٹون کی کٹنگ اور اسے خالص بنانے والا یونٹ شامل ہیں۔

سائیکلوٹرون ریڈیو میڈیسن ریسرچ اینڈ پروڈکشن سینٹر یورپی پارنٹر کے تعاون سے جی ایم پی معیار کے مطابق قائم کیا گیا ہے۔

ایف ڈی جی ریڈیو میڈیسن اس مرکز کی سب سے اہم پروڈکٹ ہے جو پیٹ سی ٹی اسکین میں استعمال ہوتی ہے اور ملک کے دس اسپتالوں کی ضرورت پورے کرنے کے قابل ہے۔

اس مرکز میں دوسرا اہم اور اسٹریٹیجک پروڈکٹ ، جرمینیم گیلیئم جنریٹر ہے جس کی تیاری سے ایران ایسے جنریٹر تیار کرنے والا ایشیا کا پہلا اور دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے۔

صدر ایران نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی تقریب کے موقع پر لگائی جانے والی نمائش کا بھی معائنہ کیا جس میں ملک میں ایٹمی ٹیکنالوجی کی ترقی کے حوالے سے مختلف اسٹال لگائے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۷۹۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬