رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے لاہور میں حضرت علی (ع) کے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت علی(ع) کی حیات طیبہ ہمارے لئے زندگی گزارنے کا عملی نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین امام علیؑ نے اپنی ساری زندگی اسلام کے بقا و ترویج میں گزاری اور اپنی حیات طیبہ میں اسلام کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کو تاریخ میں عبرت کا نشان بنا کر چھوڑا ہے۔
سرفراز نقوی نے تمام عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی اگر سیرت حضرت علیؑ پر عمل کیا جائے اور اسلام کو اپنے ذاتی مفادات پر قربان کرنے کی بجائے اسلام کیلئے ہر قسم کی قربانی دی جائے تو ملت مسلمہ ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم میں سے ہر شخص حضرت علی(ع) کے افکار پر چلے تو اسلام میں اٹھنے والے فتنوں کی آگ کو دبایا جا سکتا ہے، لہذا ہم سب پر فرض ہے کہ اہلبیت کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے آج اسلام کیلئے ہر قسم کی قربانی دیں اور آج کے دور کے سب سے بڑے فتنہ اسرائیل اور امریکہ اور ان کے نمک خواروں کو ذلیل و رسوا کریں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/