رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے لاہور میں حالات حاضرہ کی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نسل پرست غاصب صہیونی ریاست اور بھارت کی قربتیں پاکستان اور عالم اسلام کیلئے خطرے کی علامت ہیں۔
حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ عالم اسلام ، عالم کفر کیخلاف متحد ہو جائے، صیہونی و استعماری طاقتیں مسلم اُمہ کیخلاف محاذ آرائی کر رہی ہیں ایسی صورتحال میں اُمت مسلمہ کو اتحاد و وحدت سے ہی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ ملاقات میں فلسطین کے اہم ترین مسئلہ کو نظر انداز کرنا اسلام دشمن عناصرکی نئی حکمت عملی کو واضح کرتا ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ مقبوضہ کشمیر میں صہیونیوں کے اسلحے سے ہی پُرامن سیاسی جدوجہد و مزاحمت کرنے والوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے کشمیری انتفاضہ میں متعدد شہید ہو چکے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
بھارت اور سرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان و عالم اسلام کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان اسلام دشمنی اور مسلم کشی کے علاوہ اور کوئی قدر مشترک نہیں بھارت اور اسرائیل بدترین قسم کی ریاستی دہشتگردی سے مسلمانوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/