رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ نے نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کہا ہے کہ جاپان، ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
یہ بات 'تارو آسو' نے گزشتہ روز جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے دورے پر آئے ہوئے اعلی ایرانی جوہری مذاکرات کار اور نائب وزیر خارجہ 'سید عباس عراقچی' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایران جوہری معاہدے کے مکمل نفاذ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاپان، ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے اور اس مقصد کے لئے موجودہ رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے بھی پُرعزم ہے۔
انہوں نے ڈاکٹر حسن روحانی کو دوسری مرتبہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران کے 12ویں صدر کے دور میں ایران،جاپان تعلقات کو فروغ دینے کی راہ مزید ہموار ہوگی۔
اس ملاقات کے دوران نائب ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری معاہدے کے نفاذ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی اقتصادی ترقی کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سید عباس عراقچی نے عالمی اور علاقائی کمپنیوں کی جانب سے ایران میں سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران اور جاپان کو بھی اس مثبت فضا کا بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔
یاد رہے کہ اعلی ایرانی جوہری مذاکرات کار نے اپنے دورہ ٹوکیو کے موقع پر جاپانی وزیر صنعت و تجارت کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ اس موقع جاپانی حکام نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔ /۹۸۹/ف۹۴۰/