رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر کے اطراف و اکناف میں صنف نازک کے مو تراشی کے پے در پے واقعات پر گہری فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اس پریشان کن صورتحال کو کشمیری قوم کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش قرار دیا ہے۔
آغا سید حسن نے کہا کہ مو تراشی کے درجنوں واقعات رونما ہونے اور کئی مقامات پر عوام کے ہاتھوں مشکوک افراد کو دبوچنے کے باوجود ریاستی پولیس ابھی تک اس شرمناک شرانگیزی کے پس پشت ہاتھ کو طشت ازبام کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے، جس سے کشمیری خواتین میں عدم تحفظ کا احساس اور بھی شدید ہوچکا ہے۔ اس سنگین معاملے کے تعلق سے ریاستی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ حالات و واقعات کے تناظر میں عوام شک کی انگلیاں ایجنسیوں کی طرف اٹھانے میں حق بجانب ہیں۔
آغا سید حسن نے عوام کو چوکسی برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام از خود اپنے علاقوں میں خواتین کی حفاظت کے تقاضوں کو پورا کریں اور اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے فہم و فراست کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نامعلوم ہاتھوں نے ہماری غیرت کو للکارا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسلام میں خواتین کے عزت و آبرو کی حفاظت واجب ترین شرعی فریضہ ہے اور اس معاملے میں مصلحت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہمیں اپنی ماں بہنوں کو اس سنگین صورتحال سے بچانے اور اس سازش کا بھانڈا پھوڑنے کے لئے سنجیدگی اور فہم و فراست کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰