رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے امریکہ کے توسیع پسند اور مغرور حکام جان لیں کہ وہ ایرانی قوم اور سیاسی و عسکری حکام کے درمیان اختلافات پھیلانے میں ناکام ہوں گے۔
یہ بات بہرام قاسمی نے ایران مخالف امریکی وزیر خارجہ رکس ٹلرسون کے حالیہ توہین آمیز، جھوٹ اور مداخلت پر مبنی بیانات پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات سے ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کا اصل چہرہ ظاہر ہوتا ہے۔
قاسمی نے مزید کہا کہ امریکہ نہ صرف 1953 میں ایران میں ہونے والے فوجی بغاوت میں ملوث تھا بلکہ اسلامی انقلاب کی فتح کے بعد بھی ایرانی قوم کی حمایت کے لبادے میں ایران اور ایرانی قوم کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب بھی ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے مغرور حکمران جاں لیں کہ ان کی سازشوں سے صرف ایران میں وحدت اور قومی یکجہتی کو مزید طاقت ملے گی۔