02 November 2017 - 19:08
News ID: 431633
فونت
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے صدور کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں دو طرفہ اور علاقائی مسائل میں تینوں ملکوں کے درمیان وسیع سمجھوتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ایران، روس اور آذربائیجان کا مقصد، تینوں ملکوں کی توانائیوں اور صلاحیتوں سے استفادہ اور زیادہ سے زیادہ اچھی ہمسائیگی کے ساتھ تعلقات کو قریب تر بنانا ہے۔
 ایران، روس اور آذربائیجان

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان اور اسی طرح علاقے اور یوریشیا کے درمیان ٹرانزیٹ کے شعبے میں باکو اور تہران کے اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک شمال ۔ جنوب کوریڈور کے ذریغے براعظم ایشیا اور یورپ کو ملانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران، روس اور آذربائیجان کا پہلا سہ فریقی اجلاس اگست دو ہزار سولہ میں باکو میں منعقد ہوا تھا۔

صدر مملکت نے تہران اجلاس کے اقتصادی فیصلوں کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ تینوں ممالک بینکنگ کے شعبے میں بہتر روابط اور دوطرفہ یا سہ جانبہ تجارت میں قومی کرنسی کا استعمال کئے جانے کے درپے ہیں۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقائی مسائل کو تینوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان مذاکرات کا ایک اور محور قرار دیا اور کہا کہ امن و استحکام کے قیام اور خاص طور سے دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران اور روس کے درمیان تعاون اور اسی طرح آستانہ میں ایران، روس اور ترکی کے درمیان سہ جانبہ تعاون کی کوشش خاص اہمیت کی حامل ہے۔

اس پریس کانفرنس میں آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے بھی ایران، آذربائیجان اور روس کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کو کامیاب قرار دیا اور  کہا کہ تینوں ملکوں کے مابین تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔

جمہوریہ آذربائیجان کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تینوں ممالک کی قومیں مشترکہ تاریخ و ثقافت کی حامل ہیں،  کہا کہ تینوں ممالک علاقے میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس پریس کانفرنس میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بھی تینوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تینوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کی توسیع کی ضرورت پر تاکید کی۔

روس کے صدر نے اسی طرح شام کے سلسلے میں ایران اور روس کے درمیان تعاون کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ایران اور روس بحران شام کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے سربراہوں کا دوسرا اجلاس بدھ کی رات تہران میں منعقد ہوا اور طے شدہ پروگرام کے مطابق تینوں ملکوں کے سربراہوں کا تیسرا اجلاس دو ہزار اٹھارہ میں روس میں ہو گا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬