رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر حجت الاسلام سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ پُرامن مظاہرین پر تشدد قابل مذمت ہے، حکومت کی جانب سے پُرامن مظاہرین پر تشدد سے ملک بھر کی سیکیورٹی کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے، اس سے ملک بھر کی عوام اور عاشقان رسولؐ میں بے چینی پائی جاتی ہے، فیض آباد کے دھرنے میں موجود شرکاء سے حکومت کو مزاکرات کرنے چاہیئے تھے، حکومتی طاقت کسی بھی طور پر صحیح فیصلہ نہیں تھا، ملک اس وقت ویسے ہی بحران کا شکار ہے اور حکومت کی اس ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ملک کے حالات بدامنی کی طرف جا رہے ہیں، پورے ملک میں عاشقان رسول کا سمندر اس وقت حکومت کے غلط فیصلوں کے خلاف نکل آیا ہے، حکومت کو اب ہوش میں آنا چاہیئے کہیں ایسا نہ ہو کہ عاشقان رسول کا ملک بھر میں نکلنے والا یہ سمندر حکومت کو بہا لے جائے۔ علامہ ناظر تقوی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ٹی وی چینلز کی نشریات بند کرنے سے عوام میں خوف کی فضاء قائم ہوگئی ہے، حکومت کو چاہیئے کہ پُرامن مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کو افہام و تفہم سے حل کیا جائے، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہمارا دشمن ہمیں نقصان پہنچائے اور ملک کے حالات مزید کشیدگی کی طرف جائیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰