ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد کے زہر اہتمام ۱۲ ربیع الاول و ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جشن اور جلوس کا انعقاد
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد کے زیر اہتمام عید میلادالنبیﷺ اور ہفتہ وحدت کے سلسلے میں مدرسہ خاتم النبیینؐ جیکب آباد میں تقریب جشن منعقد ہوئی۔
جشن کی تقریب سے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ آغا سیف علی ڈومکی، ضلعی رہنماء مولانا حسن رضا غدیری، منور علی سولنگی، سید سراج شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں برادران اہلسنت انجینئر عید محمد ڈومکی، وڈیرہ کریم بخش و دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہفتہ وحدت اور عید میلادالنبیﷺ کے مبارک موقع پر ہمیں شیعہ سنی وحدت و اتحاد کا عزم بالجزم کرنا ہوگا، اسلام دشمن سامراجی قوتین امریکا اور اسرائیل مسلمانوں کے درمیان نفرتوں کو ہوا دینا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان نفرتوں کو ہوا دینے والے عالمی سامراج اور شیطان بزرگ امریکا کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر رحمتﷺ نے ہمیں محبت اور اخوت کا درس دیا ہے۔
درایں اثناء عید میلاد النبیﷺ اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام علامہ مقصود ڈومکی، آغا سیف علی، حسن رضا غدیری اور اہلسنت رہنماء انجینئیر عید محمد کی قیادت جلوس نکالا گیا، جو جیکب آباد شہر کے مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰