02 December 2017 - 17:08
News ID: 432066
فونت
ڈاکٹر حسن روحانی:
ایرانی صدر مملکت نے کہا ہے کہ بعض طاقتیں دہشت گردی کو فروغ دیکر خطے میں رخنہ اندازی کرنا چاہتی ہیں جبکہ ایران، اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا خواہاں ہے۔
حسن روحانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اپنے صوبائی دورے کے موقع پر صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر زابل میں ایک بڑی عوامی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ بعض طاقتیں خطے میں قومی اور مذہبی اختلافات اور دہشتگردی کو پروان چڑھا کر اپنے مفادات پورے کرنا چاہتی ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران ہی خطے کا وہ واحد ملک ہے کہ جس نے اعتدال پسندانہ سوچ کے ساتھ نہ تو قومی و مذہبی اختلافات اور نہ ہی دہشت گردی کو اپنے ہاں پنپنے کا موقع دیا۔

انہوں نے عراق اور شام میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں داعش کے اڈے ختم کر دیئے گئے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بعض ممالک داعش کو عراق اور شام سے پورے عالم اسلام میں پھیلانا چاہتے تھے لیکن ایران نے ان کا راستہ روک دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شروع ہی سے عالم اسلام کے درمیان اتحاد اور تعاون کا حامی رہا ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ صوبہ سسیستان و بلوچستان شروع سے آج تک ایران کی سرحدوں کا امین رہا ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صوبہ سیستان وبلوچستان پر فخر کرتا ہے کہ اس صوبے نے مذہبی رواداری اور سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ بخوبی انجام دیا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ صوبہ سیسان و بلوچستان میں بظاہر مذہبی اور قومی تنوع دکھائی دیتا ہے لیکن تمام مذاہب دراصل اسلام اور قرآن کے درخت کی شاخیں ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران میں آباد تمام قوموں کا سرچشمہ اسی سرزمین ایران سے پھوٹتا ہے اور ہر شخص اپنے ایرانی اور مسلمان ہونے پر فخر کرتا ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬