رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں دہشتگردی کے کئی واقعات میں ملوث دہشتگرد کالعدم تکفیری تنظیم جماعت الاحرار کا ترجمان اسد منصور افغانستان میں روپوش تھا تاہم اب اس نے خود کو پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔ اسد منصور کو خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔
جماعت الاحرار نے اسد منصور کو احسان اللہ احسان کی جانب سے گرفتاری دیئے جانے کے بعد تنظیم کا ترجمان مقرر کیا تھا تاہم اب اس نے بھی خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ملا فضل اللہ کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ مقرر کئے جانے کے بعد عمر خالد خراسانی اور دیگر 8 دہشتگرد کمانڈروں نے ٹی ٹی پی سے الگ ہوکر جماعت الاحرار تشکیل دی تھی جس کا پہلا ترجمان احسان اللہ احسان مقرر کیا گیا تھا جس نے چند ماہ قبل گرفتاری پیش کی تھی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰