رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گلگت بلتستان کے نامور عالم دین شہید ضیاءالدین رضوی کی تیرہویں برسی نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ہزاروں کے اجتماع سے علامہ آغا راحت حسین الحسینی کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان جی بی کے رہنماء شیخ نیئر عباس مصطفوی، شیعہ علماء کونسل جی بی کے رہنماء شیخ مرزا علی اور دیگر علماء نے خطاب کیا۔
شہید ضیاءالدین رضوی کی برسی میں ملک کے نامور منقبت خواں علی دیب رضوی نے خصوصی شرکت کی اور شہدائے اسلام کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں شہید ضیاءالدین رضوی کی شخصیت کے مختلف پہلووں پر گفتگو کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید ضیاءالدین گلگت بلتستان میں داعی وحدت مسلمین ہونے کے ساتھ ساتھ حقوق سے محروم خطے کے غریب عوام کے حقوق کے علمبردار تھے۔
انکی شخصیت کو دشمنوں نے متنازعہ بناکر پیش کیا جبکہ انکے نظریات واضح اور ملکی سالمیت کے ضامن تھے۔
مقررین نے کہا کہ ہمیں قائد شہید کے فکر و فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، وہ کبھی ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہے اور ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا۔
جلسے میں مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انصاف کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں اور کسی کے ساتھ ظلم نہ کیا جائے، کسی خاص فرقے کو دیوار سے لگانے کی سازش جاری ہے، صوبائی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰