رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے یوم شہید کی مناسبت سے ایک تقریر میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وحشیانہ جرائم کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے مقابلے میں جارح ملکوں کو شکست ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ یمنی قوم سے دشمنی کی اصل وجہ یہ ہے کہ دشمن یہ چاہتے ہیں کہ یمنی عوام ان کے منصوبوں کو آگے بڑھائیں مگر یمنی قوم نے ذلت برداشت نہیں کی اور وہ باعزت اور آزاد ملک کی خواہاں رہی ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کئے جانے کے اعلان کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر امریکہ، فلسطینی امنگوں کو کنارے لگانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ اس طرح وہ پورے علاقے پر اسرائیل کی برتری کا مقصد پورا کر سکے۔
انھوں نے کہا کہ یمنی عوام ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ رہیں گے۔ دوسری جانب یمن کی نوبل انعام یافتہ توکل کرمان نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے ولیعہد محمد بن زائد آل نہیان نے یمن میں نسل کشی کی ہے، بین الاقوامی عدالت میں ان پر کیس چلائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انھوں نے فیس بک کے پیج پر لکھا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے صنعا کے خلاف غیرقانونی قدم اٹھاتے ہوئے اس غریب عرب ملک پر اپنا غاصبانہ قبضہ جمانے کی کوشش کی ہے۔دریں اثنا یمن کے صوبے الجوف اور صعدہ پر سعودی جارحیت میں کم از کم تین یمنی شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گۓ۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اسی طرح جمعے کے روز صوبے صعدہ میں غمر کے مختلف علاقوں پر بمباری کی جس میں دو عام شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے یمن میں مختلف قسم کی بیماریاں منجملہ کینسر کی بیماری پھیلنے پر سخت خبردار کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ یمن میں ہر سال تقریبا تیس ہزار عام شہری کینسر میں مبتلا ہو کے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے یمن میں دیفتھیریا بیماری پھیلنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ یمن میں اب تک نو سو چودہ افراد کو دیفتھیریا بیماری لگی ہے جن میں سے انسٹھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ بھی دھو چکے ہیں۔
دیفتھیریا ایک مہلک وبائی مرض ہے جس کے نتیجے میں انسان کے پھیپھڑے کمزور ہو جانے کے علاوہ کھانسی، نزلہ بخار اور گلے میں تکلیف ہو جاتی ہے اور آواز نکلنا بند ہو جاتی ہے اور پھر طبیعت مزید بگڑنے کے ساتھ ساتھ دل، گردہ کام کرنا بند کردیتا ہے اور انسان کے ہاتھ پیر مفلوج ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰