‫‫کیٹیگری‬ :
17 May 2018 - 17:03
News ID: 435968
فونت
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی :
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں اپنے مصیبت زدہ‘ دہشت گردی سے متاثرہ بھائیوں کو بھی ضرور یاد رکھیں اور انکی ضرورتوں کا خیال کریں ۔
سید ساجد علی نقوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو جس سنگین صورت حال کا سامنا ہے اس کی اصلاح کا ایک ذریعہ تطہیر نفس ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ماہ مبارک رمضان میں تطہیر نفس کے عمل کو خلوص اور محنت سے انجام دیا جائے تو آفاق کے در کھل سکتے ہیں اور رحمتوں کا نزول ہوسکتا ہے اور خدا کی مدد کا حصول یقینی ہوسکتا ہے۔ تطہیر نفس اور تزکیہ کے ذریعے جہاں ہم بیرونی مسائل کا مقابلہ آسانی سے کرسکتے ہیں وہاں اندرونی اختلافات‘ فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ حالات بھی درست ہوسکتے ہیں اور ان مشکلات پر تطہیر نفس کے ذریعے قابو پایا جاسکتا ہے کیونکہ اگر رمضان المبارک کے دوران روحانی برکتوں سے استفادہ کیا جائے اور خدا کے ساتھ خلوص کے ساتھ لو لگائی جائے تو اعتدال پسندی‘ سنجیدگی اور متانت کے زیور ہمیں حاصل ہوسکتے ہیں جس سے اختلافات کی حدت او ر شدت میں کمی آسکتی ہے۔

ماہ مبارک رمضان1439 ھ کے آغاز پر اپنے پیغام میں علامہ ساجدعلی نقوی نے کہا کہ روزہ فقط بھوکے پیاسے رہنے کے لیے فرض نہیں کیا گیا بلکہ روزہ اپنی فرضیت او ر وجوب کے اندر متعدد روحانی، فکری، اخلاقی اور جسمانی فوائد کا حامل ہے۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ روزہ ہمیں روحانی اور فکری حوالے سے عبادات کے ذریعے اپنے خالق کے قرب میں لے کر آتا ہے اسی طرح ماہ رمضان کا پاکیزہ ماحول ہماری اخلاقیات میں مثبت تبدیلیاں لاتا ہے بالخصوص سحر وافطار کے سبب ہمارا جسم ہزاروں فاسد مادوں سے پاک ہوکر بیماریوں سے دور ہوجاتا ہے۔ لہذا ہمیں روزے کے ان حقیقی مقاصد سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے نہ کہ صرف صبح شام بھوک پیاس برداشت کی جائے ۔

حجت اسلام ساجد نقوی نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے سے یہ حقیقت بہت حد تک روشن اور عیاں ہوجاتی ہے کہ اسلامی تعلیمات خواہ عبادات کی شکل میں ہوں یا معاملات کی شکل میں ہوں یہ تمام تعلیمات فطرت کے عین مطابق ہیں اسی بناء پر اسلام کا عادلانہ نظام ہی وہ نظام ہے جو عالم بشریت کے لیے پرسکوں، پر اطمینان ، مہذب اور شفاف زندگی کی ضمانت فراہم کرتا ہے اس لیے ماہ مبارک ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام اور نفاذ کی جدوجہد کو تیز تر کریں اور اس کے لیے متحد ہو کر بھرپور آواز اٹھائیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ ماہ مبارک کے دوران خدا تعالی کی لاریب کتاب قرآن کریم کے مطالعے کو بالخصوص اپنی عادت بنائیں اور اس کے معانی و مفاہیم پر خصوصی توجہ دے اور اس میں موجود اسرار و رموز کا باریک بینی سے جائزہ لے اور انہیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی پر نافذ کرے تاکہ انسانیت فلاح و ہدایت کے راستے پر گامزن ہوکر اخروی کامیابی سے ہمکنار ہوسکے۔

 ساجد نقوی نے اسلامیان پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اس ماہ مبارک میں اپنے مصیبت زدہ‘ دہشت گردی سے متاثرہ بھائیوں کو بھی ضرور یاد رکھیں اور انکی ضرورتوں کا خیال کریں ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬