رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے اس ہفتے کی نماز جمعہ کے خطبوں میں یہ بات زور دے کر کہی کہ صیہونی ذرائع ابلاغ مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں تاکہ دنیا پر یہ ظاہر کریں کہ اسلام کی حقیقت ہی یہ ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ برطانوی شیعیت کے ٹیلی ویژن چینل شیعہ سنی اختلافات کا سبب بن رہے ہیں اور صیہونی بھی یہی چاہتے ہیں۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ غیبت امام زمانہ علیہ السلام کے دور میں جامع الشرائط ولی فقیہ کی ولایت ہی اسلامی وحدت کا معیار ہے۔
تہران کے خطیب نے کہا کہ ایران کی اقتصادی مشکلات میں دشمن بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے چھٹے امام حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے دور میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دیا اور آج امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف بھی ہم سے یہی چاہتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا یوم شہادت آئندہ پیر کو منایا جائے گا، اس موقع پر ایران میں عام تعطیل بھی ہوتی ہے۔/ ۹۸۸/ ن۹۴۰