رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جوہری معاہدے کو بچانے سے متعلق دوسری فریقین کی کوششوں کا حوالہ دیتےہوئے کہا کہ جوہری معاہدے کو بچانے کا عزم واضح ہے تاہم اس عزم پر عمل کرنے کا وقت آگیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 مئی کو ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے الزامات کو دہرا کر اس معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا اعلان کیا تھا ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کل ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل 'یوکیا امانو' کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ اگر ایرانی عوام کو جوہری معاہدے کے ثمرات نہ ملے تو اس معاہدے میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں پُرامن تھیں اور ہیں تاہم عالمی جوہری ادارے کے ساتھ تعاون سےمتعلق تہران نے ہی فیصلہ کرنا ہے لہذا ایران اور عالمی ادارے کے درمیان تعاون میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کی ذمہ داری ان لوگوں پر ہے جنہوں نے یہ صورتحال پیدا کی ہے ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/